0
Saturday 21 Sep 2019 08:15

عرب ممالک نے کشمیریوں کا ساتھ نہیں دیا، مسعود خان

عرب ممالک نے کشمیریوں کا ساتھ نہیں دیا، مسعود خان
اسلام ٹائمز۔ آزادکشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے کہا ہے کہ چین، ترکی اور ایران نے ہماری کھل کر حمایت کی لیکن عرب ممالک اور مغرب کی بڑی طاقتوں نے کشمیریوں اور پاکستانیوں کا ساتھ نہیں دیا۔ اسلام آباد میں کشمیر یکجہتی یوتھ کنونشن سے خطاب میں صدر آزادکشمیر کا کہنا تھا کہ میں بھارتی وزیراعظم نریندر مودی، امیت شاہ، راج ناتھ سنگھ اور آر ایس ایس اور ان کے انتہا پسند رہنماؤں کو یہ پیغام دینا چاہتا ہوں کہ تم سمجھتے ہو کہ اس طرح کشمیریوں پر حملہ کرو گے، انہیں گھروں میں محصور کرو گے، ہزاروں لوگوں کو گرفتار کرو گے تو کیا کشمیری تمہیں معاف کر دیں گے یا بپن راوت بیان دے گا تو پاکستانی اور آزاد کشمیری ڈر جائیں گے تو میرا یہ پیغام ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں جو تم نے 9 لاکھ فوج بھیجی ہے تو یہ تمہاری فوج کا قبرستان بنے گا۔ بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان اور آزاد و مقبوضہ کشمیر کے عوام کا عزم ہے کہ جب ہمارا جوابی حملہ ہو گا، جو ہونے والا ہے، تو تم اپنی وردیاں اور دھوتیاں یہیں مقبوضہ کشمیر میں چھوڑ کر واپس ہندوستان چلے جاؤں گے۔ سردار مسعود خان نے کہا کہ ہم آزاد کشمیر کی بات نہیں کریں گے، یہ علاقہ ہم نے آزاد کروایا تھا جبکہ گلگت بلتستان کا علاقہ وہاں کے لوگوں نے آزاد کروایا تھا یہ بھارت کا علاقہ کیسے ہوگیا، ہم نے اپنا لہو دے کر یہ خطہ آزاد کروایا ہے اور آج آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان، پاکستان کی دفاعی فصیل ہیں جسے کوئی فوج یا شخص عبور نہیں کر سکتی۔

عالمی دنیا کے ردعمل پر ان کا کہنا تھا کہ پہلی مرتبہ عالمی میڈیا نے بھارت کے بیانیے کو مسترد کیا اور آپ کے بیانیے کی نشر و اشاعت کی۔ بات کو آگے بڑھاتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بڑی بڑی طاقتوں کے لب سلے ہوئے ہیں، وہ مصلحت اور منفعت کے جال میں پھنسے ہوئے ممالک بہت محتاط انداز میں بیان دے رہے ہیں لیکن میں چین، ترکی اور ایران کا شکریہ ادا کرتا ہوں جنہوں نے کھل کر ہماری حمایت کی لیکن عرب ممالک ہوں یا مغرب کی بڑی قوتوں نے کشمیریوں اور پاکستان کا ساتھ نہیں دیا۔ انہوں نے کہا کہ ہماری سفارتی و ثقافتی مہم کا بنیادی مقصد یہ ہے کہ جو ہماری مخالفت کر رہے یا انہوں نے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے ان کی نہ کو ہاں میں کیسے بدلیں۔
خبر کا کوڈ : 817389
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش