0
Saturday 21 Sep 2019 11:54

طورخم بارڈر، پاکستان نے افغان وزارت خارجہ کا بیان سختی سے مسترد کر دیا

طورخم بارڈر، پاکستان نے افغان وزارت خارجہ کا بیان سختی سے مسترد کر دیا
اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے افغان وزارت خارجہ کا بیان مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ دونوں ممالک میں سرحد عالمی قوانین اور معاہدوں کے مطابق ہے۔ دفتر خارجہ کے ترجمان ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا ہے کہ افغان وزارت امور خارجہ کے حالیہ بیان کو غیر ذمہ دارانہ اور بلاجواز قرار دے کر مسترد کرتے ہیں۔ پاکستان اور افغانستان کے درمیان سرحد عالمی سطح پر تسلیم شدہ ہے اور تمام متعلقہ عالمی قوانین اور ضابطوں کے مطابق دونوں ممالک کے درمیان سرکاری سرحد ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان سمجھتا ہے کہ پاکستان اور افغانستان سرحد پر طورخم پوائنٹ کا 24 گھنٹے کیلئے کھل جانا سرحد کے دونوں طرف کے عوام کو سہولت بہم پہنچانے کیلئے نہایت اہم قدم ہے، تاہم ایسے بیانات دونوں ممالک کے درمیان امن اور تعاون کیلئے عزم کو گزند پہنچاتے ہیں اور ان سے احتراز برتا جانا چاہیئے۔ ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ افغان وزارت خارجہ کا بیان غیر ذمہ دارانہ ہے، پاک افغان بارڈر عالمی طور پر تسلیم شدہ سرحد ہے، دونوں ممالک میں سرحد عالمی قوانین اور معاہدوں کے مطابق ہے، طورخم پوائنٹ 24 گھنٹے کھلا رکھنے سے عوام کو مدد ملے گی، ایسے بیانات سے امن اور تعاون کی فضا پر منفی اثرات مرتب ہونگے۔ واضح رہے کہ دو روز قبل وزیراعظم عمران خان نے طور خم بارڈر 24 گھنٹے کھلا رکھنے کے منصوبے کا افتتاح کر دیا ہے، طورخم ٹرمینل پورا ہفتہ 24 گھنٹے سہولت فراہم کرے گا، طورخم ٹرمینل کا قیام پاکستان کی طرف سے افغان عوام کیلئے تحفہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 817441
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش