QR CodeQR Code

حکومت اور سکیورٹی اداروں کو متنبہ کرتے ہیں کہ وہ پاکستان کو اہل تشیع کیلئے کشمیر نہ بنائیں

ملک میں جنگل کا قانون ہے، عدالتوں کی توہین اور آئین کی دھجیاں اُڑائی جا رہی ہیں، سید ناصر شیرازی

ہم کافی عرصے سے دیکھ رہے ہیں، یہ حکومت اپنے اقدامات کیوجہ سے ناکامی کیطرف بڑھ رہی ہے

21 Sep 2019 20:33

ملتان میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز پاکستان کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ ہم حکومت اور سکیورٹی اداروں کو متنبہ کرتے ہیں کہ پاکستان کو شیعوں کیلئے کشمیر نہ بنائو، چیف جسٹس کیوں خاموش ہیں، اگر یہ سلسلہ نہ رکا تو حالات کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی۔


اسلام ٹائمز۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز پاکستان کے رہنمائوں نے کہا کہ کل ملک بھر میں لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے احتجاجی مظاہرے اور علامتی دھرنے دیئے جائیں گے، کراچی، لاہور اور اسلام آباد کے علاوہ ملتان میں بھی احتجاجی دھرنا دیا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار مجلس وحدت مسلمین کے مرکزی ڈپٹی سیکرٹری جنرل سید ناصر عباس شیرازی، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن کے مرکزی صدر قاسم شمسی، بزرگ عالم دین علامہ غلام شبیر بخاری، علامہ سید حسنین عباس گردیزی، علامہ حیدر عباس عابدی، علامہ اقتدار حسین نقوی، علامہ نادر حسین علوی، علامہ طاہر عباس نقوی اور دیگر نے ملتان میں مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ رہنمائوں نے کہا کہ ملتان میں احتجاجی دھرنا وفاقی وزیر خارجہ مخدوم شاہ محمود قریشی کی رہائش گاہ کے باہر دیا جائے گا، اس احتجاجی دھرنے میں ملتان اور جنوبی پنجاب سے جبری طور پر لاپتہ افراد کے لواحقین شریک ہوں گے، جبکہ لاپتہ افراد کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیلئے جنوبی پنجاب بھر سے بڑی تعداد میں قافلے بھی شریک ہوں گے۔

یاد رہے کہ ایک ماہ قبل سینیئر قانون دان اور ہائیکورٹ بار ملتان کے نائب صدر یافث نوید ہاشمی کو اسلام آباد سے جبری طور پر لاپتہ کر دیا گیا تھا، جن کا تاحال کوئی سراغ نہیں ملا۔ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ اس ملک میں جنگل کا قانون ہے، عدالتوں کی توہین اور آئین کی دھجیاں اُڑائی جا رہی ہیں، حکومت اور چیف جسٹس کیوں خاموش ہیں، اگر یہ سلسلہ نہ رکا تو حالات کی ذمہ داری حکومت پر عائد ہوگی، ہم وزیراعظم عمران خان سے انصاف کا مطالبہ کرتے ہیں، جب آپ اپوزیشن میں تھے تو آپ نے وعدہ کیا تھا کہ ان مسنگ پرسنز کے حوالے سے۔ اب جب اقتدار ملا تو کیوں خاموش ہیں؟ اُنہوں نے کہا کہ ہم کافی عرصے سے دیکھ رہے ہیں، یہ حکومت اپنے اقدامات کہ وجہ سے ناکامی کی طرف بڑھ رہی ہے، ہم حکومت اور سکیورٹی اداروں کو متنبہ کرتے ہیں کہ پاکستان کو شیعوں کے لیے کشمیر نہ بنائو۔


خبر کا کوڈ: 817552

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/817552/ملک-میں-جنگل-کا-قانون-ہے-عدالتوں-کی-توہین-اور-آئین-دھجیاں-ا-ڑائی-جا-رہی-ہیں-سید-ناصر-شیرازی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org