0
Saturday 21 Sep 2019 21:21

لیاقت قائم خانی کے گھر سے 10 ارب کے اثاثے نکلے، نیب کا مزید 3 ریفرنسز قائم کرنے کا فیصلہ

لیاقت قائم خانی کے گھر سے 10 ارب کے اثاثے نکلے، نیب کا مزید 3 ریفرنسز قائم کرنے کا فیصلہ
اسلام ٹائمز۔ نیب حکام کے ہاتھوں گرفتار سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کے گھر سے برآمد زیورات اور نقدی کی مالیت 10 ارب روپے سے زائد بنتی ہے، جس پر نیب نے ملزم کے خلاف 3 مزید ریفرنسز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ سابق ڈی جی پارکس اور میئر کراچی کے مشیر لیاقت قائم خانی کے حوالے سے کرپشن کے پے در پے انکشافات سامنے آرہے ہیں، بڑے پیمانے پر بدعنوانی کے الزام میں نیب حکام کے ہاتھوں گرفتار سابق ڈی جی پارکس لیاقت قائم خانی کے گھر پرتعیش اور چمچماتی کاروں کے بعد جمعے کو ان کے گھر کے لاکرز سے نیب حکام کو زیورات، سیونگ سرٹیفکیٹس اور پرائز بانڈز کے علاوہ دیگر اہم نوعیت کی دستاویزات ملیں۔ ذرائع کے مطابق لیاقت قائم خانی نے گھر میں موجود لاکر کا کوڈ نیب حکام کو دوران تفتیش بتایا جس کی بناء پر نمبروں سے کھلنے والے آہنی تجوری سے کروڑوں روپے کے زیورات اور دیگر اشیاء ملیں۔ لیاقت قائم خانی کے گھر سے برآمد سونے کی اشیا کی مالیت 15 کروڑ روپے سے زائد ہے جبکہ گھر سے برآمد کے ایم سی دستاویزات میں باغ ابن قاسم کے فنڈز کی فائلیں بھی شامل ہیں۔ ذرائع نے بتایا کہ لیاقت قائم خانی کے گھر سے برآمد اثاثوں کی مالیت 10 ارب روپے سے زائد بنتی ہے، اسی تناظر میں نیب حکام نے لیاقت قائم خانی کے خلاف تین مزید ریفرنسز قائم کرنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ جعلی اکاوئنٹس کیس کے علاوہ لیاقت قائم خانی پر آمدن سے زائد اثاثے بنانے اور کرپشن جعلی دستاویزات کے ریفرنس بھی دائر ہوں گے۔

ذرائع نیب کے مطابق لیاقت قائم خانی نے پارکس میں جعلی کام کرانے کے لئے جعلی کمپنیاں بنائی ہوئی تھیں، ان کمپنیوں کے نام پر فنڈز ریلیز کئے جاتے تھے جس سے کسی کو کوئی حصہ نہیں دیا جاتا تھا۔ دوسری جانب لیاقت قائم خانی کے گھر سے برآمد دستاویزات کے ذریعے کے ایم سی کے محکمہ باغات سے متعلق اہم انکشافات سامنے آگئے، ذرائع نیب کا کہنا ہے کہ لیاقت قائم خانی نے بیس سال میں کراچی کے 71 پارکس کو صرف کاغذات میں بنایا اور ایک ارب سے زائد ہڑپ کرلئے، ملنے والی دستاویزات سے کرپشن کے پیسے کے ایم سی افسراں سابق عہدیداروں اور اہم سیاست دانوں کو بھی حصہ دینے کا انکشاف ہوا ہے۔ ذرائع نیب کے مطابق لیاقت قائم خانی 2007ء سے غیر قانونی طور پر کے ایم سی کے مشیر باغات تھے، گریڈ اکیس میں ریٹائرمنٹ کے بعد کے ایم سی سے ایک لاکھ روپے پینشن بھی وصول کرتے تھے، لیاقت قائم خانی نے اسسٹنٹ ڈائریکٹر کے عہدے سے ملازمت کا آغاز کیا اور آخری تنخواہ سوا لاکھ روپے وصول کی۔
خبر کا کوڈ : 817561
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب