QR CodeQR Code

کراچی، سابق ایم پی اے لیاقت قریشی کے قتل میں ملوث ایم کیو ایم لندن کا ٹارگٹ کلر گرفتار

21 Sep 2019 21:46

ملزم ایم کیو ایم کے یونٹ 159 لیاقت آباد کا جوائنٹ یونٹ انچارج رہا ہے، دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے اپنے ساتھ جہانگیر عرف مرتضیٰ جوش کے ہمراہ ذاتی رنجش کی وجہ سے ایم کیو ایم کے ایم پی اے لیاقت قریشی کو مبینہ ٹاؤن کے علاقے میں قتل کردیا تھا۔


اسلام ٹائمز۔ کراچی پولیس نے عزیز بھٹی کے علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے سابق ایم پی اے لیاقت قریشی کے قتل سمیت ٹارگٹ کلنگ کی متعدد وارداتوں میں ملوث ایم کیو ایم لندن کے ٹارگٹ کلر کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ڈی آئی جی سی ٹی ڈی عبداللہ شیخ کی ہدایت پر انچارج سی ٹی ڈی چوہدری غلام صفدر نے اپنی ٹیم کے ہمراہ کامیاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم لندن کے اہم ٹارگٹ کلر فیضان علی خان ولد لئیق خان کو عزیز بھٹی کے علاقے سے گرفتار کرلیا۔ ملزم کے قبضے سے ایک پستول بمعہ 30 گولیاں برآمد ہوئیں۔ ملزم یونٹ 159 لیاقت آباد کا جوائنٹ یونٹ انچارج رہا ہے۔ دوران تفتیش ملزم نے انکشاف کیا کہ اس نے اپنے ساتھ جہانگیر عرف مرتضیٰ جوش کے ہمراہ ذاتی رنجش کی وجہ سے ایم کیو ایم کے ایم پی اے لیاقت قریشی کو مبینہ ٹاؤن کے علاقے میں قتل کردیا تھا۔

ملزم نے اپنے ساتھی جہانگیر عرف مرتضیٰ جوش کے ہمراہ پی آئی بی کے علاقے پرانی سبزی منڈی کے قریب اسامہ اور محب کو رنجش کی بناء پر فائرنگ کرکے قتل کیا۔ ملزم جہانگیر عرف مرتضیٰ جوش اس سے قبل گرفتار ہوکر جیل جاچکا ہے، جس نے تفتیش کے دوران ملزم کا نام بحیثیت ساتھی ملزم لیا تھا۔ اس کی گرفتاری کے بعد ملزم گرفتاری کے خوف سے بیرون ملک فرار ہوگیا تھا اور کچھ عرصہ پہلے ہی واپس آیا تھا، جس کو سی ٹی ڈی انویسٹی گیشن کی ٹیم نے شب و روز محنت کے بعد گرفتار کرلیا۔ ملزم سے برآمد اسلحہ کا فرانزک ٹیسٹ کرایا جارہا ہے۔ ملزم سے مزید تفتیش جاری ہے، جس میں مزید انکشافات متوقع ہیں۔ افسران بالا کی جانب سے چھاپہ مار ٹیم کے لئے نقد انعامات اور تعریفی اسناد دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔


خبر کا کوڈ: 817563

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/817563/کراچی-سابق-ایم-پی-اے-لیاقت-قریشی-کے-قتل-میں-ملوث-کیو-لندن-کا-ٹارگٹ-کلر-گرفتار

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org