QR CodeQR Code

علی وزیر او محسن داوڑ ہری پور جیل سے رہا

21 Sep 2019 22:38

جیل حکام کو ملزمان کی رہائی کا عدالتی حکم نامہ شام 6 بجے موصول ہوگیا تھا، تاہم انکی رہائی آدھی رات کو ہوئی۔ عدالتی حکم نامہ کوریئر سروس کے ذریعے بھیجا گیا، دونوں ایم این ایز اپنے اہل خانہ سے ملنے کیلئے اب پشاور روانہ ہوچکے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ خڑقمر کیس میں گرفتار اراکین اسمبلی محسن داوڑ اور علی وزیر کو ضمانت منظور ہونے کے بعد خیبر پختونخوا کی ہری پور جیل سے رہا کر دیا گیا۔ پشتون تحفظ موومنٹ (پی ٹی ایم) اور جیل ذرائع کے مطابق خڑقمر حملہ کیس میں پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے ضمانت ملنے کے بعد انہیں رہا کیا گیا ہے۔ رہائی کے بعد علی وزیر اور محسن داوڑ کا ان کی جماعت کے کارکنان نے جیل سے باہر آنے کے بعد استقبال کیا اور پھر انہیں لے کر پشاور کیلئے روانہ ہوگئے۔ مذکورہ ارکین اسمبلی کے ایک حمایتی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے ہری پور جیل کے باہر 6 گھنٹوں تک اپنے لیڈر کی رہائی کا انتظار کیا۔ ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ جیل حکام کو ملزمان کی رہائی کا عدالتی حکم نامہ شام 6 بجے موصول ہوگیا تھا، تاہم ان کی رہائی آدھی رات کو ہوئی۔

انہوں نے بتایا کہ عدالتی حکم نامہ کوریئر سروس کے ذریعے بھیجا گیا، جس کی وجہ سے ان کی رہائی میں تاخیر ہوئی، جبکہ وہ دونوں اپنے اہل خانہ سے ملنے کیلئے اب پشاور روانہ ہوچکے ہیں۔ خیال رہے کہ 18 ستمبر کو جسٹس ناصر محفوظ کی سربراہی میں پشاور ہائی کورٹ کے بنوں بینچ نے دوران سماعت 10 لاکھ روپے فی کس ضمانتی مچلکے جمع کروانے پر گرفتار اراکین اسمبلی کی مشروط ضمانت منظور کی تھی۔ عدالت نے اپنے حکم نامے میں ملزمان کو ملک سے باہر سفر کرنے سے روک دیا تھا جبکہ انہیں مہینے میں ایک مرتبہ پولیس اسٹیشن میں حاضری کا حکم بھی دیا۔ اپنے تفصیلی فیصلے میں بینچ کا کہنا تھا کہ ’یہ ضمانت ایک ماہ کیلئے دی گئی ہے جو اراکین اسمبلی کے اچھے عمل سے مشروط ہے، تاہم ایک ماہ کی مدت پوری ہونے سے قبل انہیں پشاور ہائی کورٹ میں ضمانت کیلئے نئی درخواست دائر کرنی ہوگی۔


خبر کا کوڈ: 817570

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/817570/علی-وزیر-او-محسن-داوڑ-ہری-پور-جیل-سے-رہا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org