QR CodeQR Code

عمران خان سعودی ولی عہد کے طیارے میں امریکہ پہنچ گئے

دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم کے دورہ امریکہ کا شیڈول تبدیل

21 Sep 2019 23:06

دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان کمرشل فلائٹ کی بجائے سعودی ولی عہد کے خصوصی طیارے پر امریکہ روانہ ہوئے۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان سے سوال کیا کہ آپ دورہ امریکہ پر کیسے جا رہے ہیں؟


اسلام ٹائمز۔ وزیراعظم عمران خان سعودی ولی عہد بن سلمان کے خصوصی طیارے میں امریکہ پہنچ گئے ہیں۔ قبل ازیں وزیراعظم عمران خان سعودی عرب کا دو روزہ دورہ مکمل کرنے کے بعد امریکا کے لیے روانہ ہوئے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، مشیر خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ اور معاون خصوصی برائے سمندر پار پاکستانی سید ذوالفقار عباس بخاری بھی ہمراہ ہیں۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق 27 ستمبر کو جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب کریں گے، جس میں وزیراعظم مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر پاکستان کے اصولی مؤقف کا اعادہ کریں گے اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے بھی آگاہ کریں گے، ساتھ ہی وزیراعظم امریکی تھنک ٹینکس سے بھی خطاب کریں گے۔ وزیراعظم عالمی میڈیا سے بھی بات چیت کریں گے، وزیراعظم نفرت انگیز تقاریرکے خاتمے پر مباحثے سے بھی خطاب کریں گے۔ دورے کے دوران وزیراعظم موجودہ حالات اور دیگر امور پر بھی بات چیت کریں گے۔

قبل ازیں دورہ سعودی عرب کے دوران وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کے شیڈول میں تبدیلی کی گئی۔ وزیراعظم عمران خان کمرشل فلائٹ کی بجائے سعودی ولی عہد کے خصوصی طیارے پر امریکہ روانہ ہوئے۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے وزیراعظم عمران خان سے سوال کیا کہ آپ دورہ امریکہ پر کیسے جا رہے ہیں؟ جس پر وزیراعظم عمران خان نے جواب دیا کہ میں کمرشل فلائٹ کے ذریعے امریکہ روانہ ہو رہا ہوں۔ سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے کہا کہ آپ ہمارے مہمان ہیں، کمرشل فلائٹ پر امریکہ نہیں جا سکتے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق سعودی ولی عہد نے امریکہ جانے کے لیے پاکستان کے وزیراعظم عمران خان کو اپنا ذاتی طیارہ فراہم کیا۔ دوسری جانب وزارت خارجہ حکام نے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکہ کے دوران ان کی مصروفیات کو حتمی شکل دی۔ امریکہ میں وزیراعظم پاکستان، ترکی اور ملائشیا کے سہ فریقی اجلاس میں بھی شرکت کریں گے۔ 24 ستمبر کو وہ اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اعلیٰ سطحی اجلاس کی افتتاحی تقریب میں شرکت کریں گے۔ 24 ستمبر کو عمران خان امریکی صدر کی جانب سے دئیے جانے والے عشائیے میں شرکت کریں گے جہاں دونوں رہنماؤں کی غیر رسمی ملاقات کا امکان ہے۔ 27 ستمبر کو وزیراعظم جنرل اسمبلی سے خطاب کریں گے، یہ خطاب پاکستانی وقت کے مطابق شام ساڑھے 8 سے رات 10 بجے کے درمیان ہو گا، اس موقع پر وہ مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر بات کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 817574

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/817574/عمران-خان-سعودی-ولی-عہد-کے-طیارے-میں-امریکہ-پہنچ-گئے

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org