0
Sunday 22 Sep 2019 00:08

ملک بھر میں ڈینگی بے قابو، مریضوں کی تعداد گیارہ ہزار سے تجاوز کر گئی

ملک بھر میں ڈینگی بے قابو، مریضوں کی تعداد گیارہ ہزار سے تجاوز کر گئی
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر میں ڈینگی خطرناک صورتحال اختیار کر گیا ہے۔ ملک بھر میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 10 ہزار 13 ہو گئی ہے۔ قومی ادارہ برائے صحت نے ڈینگی سے متعلق صورتحال پر اپنے اعداد و شمار جاری کرتے ہوئے ڈینگی کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران ڈینگی کے مزید 4 سو 97 کیسز سامنے آئے جبکہ پنجاب میں ڈینگی سے متاثرہ ایک اور مریض دم توڑ گیا۔ جس کے بعد ملک بھر میں ڈینگی سے ہلاکتوں کی تعداد 18 ہو گئی۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران خیبر پختونخوا (کے پی) میں سب سے زیادہ کیسز رپورٹ ہوئے۔ جہاں 169 مریضوں میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی۔ کے پی میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد ایک ہزار 814 ہو گئی۔ پنجاب میں بھی ڈینگی تیزی سے پھیل رہا ہے اور صوبے بھر میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 ہزار 410 تک پہنچ گئی۔ وفاقی دارالحکومت میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک ہزار 515 ہو گئی اور گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران مزید 101 مریض ڈینگی کا شکار ہوئے۔ سندھ میں 24 گھنٹے کے دوران 67 مریضوں میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی۔ سندھ میں بھی مجموعی طور پر ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد 2 ہزار 268 تک پہنچ گئی۔ قبائلی علاقوں کو بھی ڈینگی نے اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے۔ جہاں متاثرہ مریضوں کی تعداد 134 ہو گئی جبکہ بلوچستان میں ڈینگی سے متاثرہ مریضوں کی تعداد ایک ہزار 772 ہو گئی۔ آزاد کشمیر میں ڈینگی سے 110 افراد متاثر ہو چکے ہیں۔
خبر کا کوڈ : 817585
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے