QR CodeQR Code

اب ہم مریں گے یا مار کر رہیں گے، شیخ رشید

22 Sep 2019 13:10

بھمبر میں جلسہ عام سے اپنے خطاب کے دوران پاکستانی حکمرانوں، سیاست دانوں اور پاک فوج کے سربراہ کو مخاطب کرتے ہوئے وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ آپ جاگتے رہنا، قوم جاگ گئی ہے اور اب ہم مریں گے یا مار کر رہیں گے، ایسا موقع دوبارہ نہیں آئے گا۔


اسلام ٹائمز۔وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ قوم جاگ گئی ہے، (کشمیر کے لیے) ہم مریں گے یا مار کے رہیں گے ایسا موقع پھر کبھی نہیں آئے گا۔ آزاد جموں و کشمیر کے سیکٹر بھمبر میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے خود کنٹرول لائن کا خاتمہ کر کے، اقوام متحدہ کی قراردادوں کی خلاف ورزی کرکے اور معاہدے ختم کرکے ایسا موقع دیا ہے۔ انہوں نے اپنے خطاب کے دوران پاکستانی حکمرانوں، سیاست دانوں اور پاک فوج کے سربراہ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ ‘آپ جاگتے رہنا، قوم جاگ گئی ہے اور اب ہم مریں گے یا مار کر رہیں گے، ایسا موقع دوبارہ نہیں آئے گا۔ وزیر ریلوے نے سوال اٹھایا کہ آج کشمیریوں کو کس بات کی سزا مل رہی ہے، وہ 50 سن سے کرب کی زندگی کی گزار رہے ہیں جبکہ ان کی پوری قیادت بھی جیل میں ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا ایجنڈا پاکستان کو ختم کرنا ہے جس کے لیے وہ واہگہ کا راستہ کھول کر کابل سے کاروبار کرنا چاہتا ہے۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ امریکا نے ہمیں ہمیشہ دھوکا دیا، اس لیے ہمیں امریکا کی نہیں بلکہ چین کی دوستی پر یقین کرنا چاہیے۔ شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ جو کشمیر کے لوگوں کے ساتھ نہیں کھڑا ہوا وہ غدار وطن ہے۔ انہوں نے کہا کہ میری خواہش ہے کہ میں کشمیر کے لیے جنگ میں حصہ لوں اور سرحد پر شہید ہوکر واپس لوٹوں۔ شیخ رشید احمد نے اپنی ولولہ انگیز تقریر کے دوران نوجوانوں کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ سرفروشی کے لیے تیار ہو جائیں۔ وزیراعظم عمران خان کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے خطاب پر بات کرتے ہوئے شیخ رشید احمد کا کہنا تھا کہ یہ مسئلہ خطاب سے حل نہیں ہو گا۔

انہوں نے کہا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے اور بھارت نے ہماری شہ رگ کو پکڑا ہے اگر ہم نے آج ان کا ساتھ نہ دیا تو تاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ آزاد کشمیر کے اس حصے سے ایل او سی صرف ایک کلومیٹر دور ہے لیکن پھر یہاں کے بے خوف لوگ یہاں سے نقل مکانی نہیں کرتے۔


خبر کا کوڈ: 817662

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/817662/اب-ہم-مریں-گے-یا-مار-کر-رہیں-شیخ-رشید

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org