QR CodeQR Code

خیبر پختونخوا میں پلاسٹک بیگز کی 97 فیکٹریاں سیل، 50 ہزار کلو پلاسٹک تلف

22 Sep 2019 15:47

صوبائی مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ کی رپورٹ کے مطابق 50 ہزار کلو گرام سے زائد پولی تھین بیگز ضبط کرنے کے بعد تلف کئے جا چکے ہیں۔ جون کے مہینے میں سب سے زیادہ 30 ہزار 917 کلو گرام، جولائی کے مہینے میں 12 ہزار 552 کلو گرام اور اگست کے مہینے میں 7 ہزار 328 کلو گرام پلاسٹک بیگز تلف کئے گئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ خیبر پختونخوا میں پلاسٹک بیگز کے خلاف کارروائی کے دوران 3 ماہ میں 50 ہزار کلو گرام سے زائد پلاسٹک ضبط کر کے تلف کر دیا گیا ہے، جبکہ 97 فیکٹریاں اور ہول سیل ڈیلرز کی دکانوں کو سیل کیا گیا ہے۔ واضح رہے کہ وزیراعلٰی خیبر پختونخوا محمود خان کی جانب سے پلاسٹک بیگز پر مکمل طور پر پابندی عائد کئے جانے کے بعد تمام کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو احکامات پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت بھی کی گئی تھی۔ ذرائع کے مطابق صوبہ بھر میں ایک ہزار 39 شکایات شہریوں کی جانب سے پلاسٹک بیگز سے متعلق درج کرائی گئی ہیں، جن پر ضلعی انتظامیہ نے بھرپور کارروائی بھی کی۔ صوبائی مینجمنٹ اینڈ ریفارمز یونٹ کی رپورٹ کے مطابق 50 ہزار کلو گرام سے زائد پولی تھین بیگز ضبط کرنے کے بعد تلف کئے جا چکے ہیں۔ جون کے مہینے میں سب سے زیادہ 30 ہزار 917 کلو گرام، جولائی کے مہینے میں 12 ہزار 552 کلو گرام اور اگست کے مہینے میں 7 ہزار 328 کلو گرام پلاسٹک بیگز تلف کئے گئے ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ مردان میں 7 ہزار 407، چارسدہ میں 4 ہزار 769 اور لوئر دیر میں 3 ہزار 918 کلو گرام پلاسٹک بیگز تلف کئے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کارروائی کے دوران تیسرے ماہ میں کم پلاسٹک بیگز تلف کرنے کی بڑی وجہ اُس کے استعمال اور فروخت میں کمی ہے۔


خبر کا کوڈ: 817676

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/817676/خیبر-پختونخوا-میں-پلاسٹک-بیگز-کی-97-فیکٹریاں-سیل-50-ہزار-کلو-تلف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org