0
Sunday 22 Sep 2019 23:30

بھارت دریائے کابل کو پاکستان کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کررہا ہے، محمد اسلم خان

بھارت دریائے کابل کو پاکستان کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کررہا ہے، محمد اسلم خان
اسلام ٹائمز۔ پاکستان اکانومی واچ کے چیئرمین بریگیڈییر محمد اسلم خان نے کہا ہے کہ بھارت افغانستان کے دریاؤں کو پاکستان کے خلاف بطور ہتھیار استعمال کررہا ہے جس کا نوٹس لے کر فوری اقدامات کئے جائیں، بھارت افغانستان میں بارہ ڈیم بنارہا ہے جن کی تعمیر مکمل ہونے کے بعد پاکستان کو ملنے والے پانی میں زبردست کمی واقع ہوجائے گی، جس سے نہ صرف عوام زراعت اور مجموعی معیشت پر منفی اثرات پڑیں گے بلکہ اگر اس مسئلے کو حل نہ کیا تو اس کے نتیجہ میں دونوں ممالک کے مابین جنگ بھی ہو سکتی ہے۔ برگیڈئیر محمد اسلم خان نے یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں کہا کہ بھارت آبی دہشت گردی سمیت ہر ممکن طریقہ سے پاکستان کو عدم استحکام میں دھکیلنا چاہتا ہے جس کے لئے اربوں ڈالر خرچ کئے جا رہے ہیں، پاکستان کو دریائے کابل کے زریعے سالانہ پچیس ملین ایکڑ فٹ پانی ملتا ہے تاہم بھارت کی خواہش ہے کہ اس میں ہر ممکن حد تک کمی کی جائے جس کے لئے افغانستان کی واٹر پالیسی پر اثر انداز ہوا جا رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان اور افغانستان کے مابین پانی کی تقسیم کا کوئی معاہدہ نہیں ہے جس سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بھارت افغانستان سے آنے والے پانی پر دارومدار رکھنے والی پاکستانی زمینوں کو بنجر اور عوام کو پیاسا مارنا چاہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ افغانستان کو اپنے شہریوں زراعت اور بجلی کے پیداوار کے لئے پانی استعمال کرنے کا پورا حق حاصل ہے کیونکہ کابل کے بہتر فیصد باشندے صاف پانی سے محروم ہیں مگر اسے کسی تیسرے ملک کی سازش میں شریک ہونے کا کوئی حق نہیں ہے، بھارت افغانستان کے مسائل حل کرنے سے زیادہ پاکستان کے لئے مسائل کھڑے کرنے میں دلچسپی لے رہا ہے جو ناقابل قبول ہے۔ انہوں نے کہا کہ کالاباغ ڈیم کے بعض مخالفین کے مؤقف میں لچک آئی ہے جو انتہائی خوش آئند ہے۔
خبر کا کوڈ : 817711
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش