0
Monday 23 Sep 2019 00:04

بلاول صاحب پہلے اپنا گھر اور مراد علی شاہ پہلے اپنی کابینہ کا کچرا صاف کریں، حلیم عادل شیخ

بلاول صاحب پہلے اپنا گھر اور مراد علی شاہ پہلے اپنی کابینہ کا کچرا صاف کریں، حلیم عادل شیخ
اسلام ٹائمز۔ پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر اور سندھ اسمبلی میں پارلیمانی لیڈر حلیم عادل شیخ نے صوبائی حکومت کی صفائی مہم پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ بلاول صاحب پہلے اپنا گھر اور مراد علی شاہ پہلے اپنی کابینہ کا کچرا صاف کریں، سندھ میں طرز حکمرانی کمیشن سے شروع ہوکر کرپشن پر ختم ہوتا ہے، صوبے میں اتنا پانی نہیں ملتا جتنی شراب ملتی ہے۔ انصاف ہاؤس کراچی میں میڈیا سے گفتگو کے دوران صفائی مہم کو ڈرامہ قرار دے دیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کی ٹھٹھہ شوگر مل کیس میں ٹانگیں پھنسی ہوئی ہیں، پہلے بیلو ٹوپی پہن کر ڈرامہ کیا گیا تھا اب مراد علی شاہ لال ٹی شرٹ پہن کر نکل آئے ہیں، لگ رہا ہے کوئی کشمیر کے مشن پر نکلے ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ گزشتہ 10-11 سال سے کچرا اٹھانا کس کی ذمہ داری تھی؟ آپ کی کرپٹ ٹیم نے اس روشنیوں کے شہر کو کچرا کنڈی میں تبدیل کردیا۔ ایک سوال کے جواب میں پی ٹی آئی رہنما نے کہا کہ اس سال ایک لاکھ 35 ہزار افراد کو کتوں نے کاٹا ہے جبکہ محکمہ صحت میں پچھلے سال 22 ارب کی کرپشن ہوئی ہے۔

حلیم عادل شیخ نے صوبائی وزراء کو بھی کرپٹ قرار دیتے ہوئے کہا کہ وزارت اطلاعات مرتضیٰ وہاب چلائے یا سعید غنی اشتہارات ڈمی اداروں کو دیئے جاتے ہیں، اب سندھ کے لوگوں کو ان سانپوں سے نجات دلانا ہوگی۔ حلیم عادل شیخ نے کہا کہ آج دو خبریں بہت اہم چل رہی تھیں، ایک یہ کہ سندھ حکومت نے کتا پکڑو مہم شروع کردی ہے، کتا مار مہم سنا تھا کتا پکڑو مہم پہلی بار سن رہے ہیں۔ پی ٹی آئی رہنما نے شرجیل میمن سمیت مرتضیٰ وہاب کو بھی آڑے ہاتھوں لیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نیب سے خوف زدہ ہے۔
خبر کا کوڈ : 817716
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش