0
Monday 23 Sep 2019 10:04

طالبان وفد کی چینی نمائندہ خصوصی سے ملاقات

طالبان وفد کی چینی نمائندہ خصوصی سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ طالبان کے ایک وفد نے چین کے نمائندہ خصوصی برائے افغانستان سے چینی دارالحکومت بیجنگ میں ملاقات کی جس میں امریکا کے ساتھ امن مذاکرات پر بات چیت کی گئی۔ ذرائع کے مطابق چینی نمائندے سے یہ اہم ملاقات امریکا اور طالبان کے مابین جاری مذاکرات کے سلسلے میں ہونے والی ایک ملاقات کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی جانب سے آخری لمحات میں منسوخ کیے جانے کے بعد ہوئی۔ اس سے قبل اس بات کی امید ظاہر کی جا رہی تھی کہ امریکا طالبان مذاکرات میں دونوں فریقین افغانستان میں 17 سال سے جاری جنگ کے خاتمے کے لیے کسی سمجھوتے پر راضی ہو جائیں گے۔

اس بارے میں قطر کے دارالحکومت میں طالبان کے ترجمان سہیل شاہین کا سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر ٹوئٹ کرتے ہوئے کہنا تھا کہ مذکورہ ملاقات کے لیے طالبان وفد بیجنگ آیا اور چینی نمائندہ خصوصی ڈینگ زی جون سے ملاقات کی۔ انہوں نے بتایا کہ چینی نمائندہ خصوصی کا کہنا تھا کہ امریکا طالبان سمجھوتہ افغان مسئلے کے پرامن حل کے لیے ایک اچھا فریم ورک ہے اور وہ اس کی حمایت کرتے ہیں۔ اس ضمن میں طالبان وفد کی نمائندگی کرنے والے ملا برادر کا کہنا تھا کہ انہوں نے بات چیت کی اور ایک ’جامع معاہدے‘ تک پہنچ گئے۔ اب اگر امریکی صدر اپنی بات پر قائم نہیں رہ سکتے اور اپنا وعدہ توڑتے ہیں تو افغانستان میں کسی قسم کے خونریزی کے ذمہ دار وہی ہوں گے۔
 
یہ بات مدنظر رہے کے امریکا کے ساتھ مذاکرات منسوخ ہونے کے بعد طالبان وفد 14 ستمبر کو روس بھی گیا تھا جس کے بارے میں طالبان رہنما نے نام نہ ظاہر کرنے کی شرط پر بتایا تھا کہ دورے کا مقصد امریکا کے ساتھ مذاکرات بحال کرنے کی کوشش نہیں بلکہ امریکا کو افغانستان سے انخلا پر مجبور کرنے کے لیے علاقائی حمایت کا جائزہ لینا ہے۔
خبر کا کوڈ : 817754
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب