0
Monday 23 Sep 2019 13:19

مثبت اور تعمیراتی رویئے بنانے میں ادارے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، گورنر بلوچستان

مثبت اور تعمیراتی رویئے بنانے میں ادارے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، گورنر بلوچستان
اسلام ٹائمز۔ گورنر بلوچستان امان اللہ خان یاسین زئی نے کہا ہے کہ درپیش پیچیدہ مسائل و مشکلات کا ایک سنجیدہ حل نکالنا اشد ضروری ہو چکا ہے، یہ ہماری اجتماعی بدقسمتی ہے کہ ضروری سہولیات اور مواقعوں کی عدم دستیابی کی وجہ سے ہمارے محققین، ماہرین اور ذہین ترین افراد ضائع ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صوبہ باصلاحیت اور تجربہ کار افراد کے علم و تجربے کو ملک و قوم کی ترقی اور خوشحالی کے لئے بروئے کار لانے کے لئے ہمیں ایک جامع اور مربوط حکمت عملی وضع کرنی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کے روز یونیورسٹی لاء کالج میں بلوچستان اسٹارز کے زیراہتمام منعقدہ تقریب کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

اس موقع پر گورنر بلوچستان نے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ لوگوں میں حقوق و فرائض کا اجتماعی احساس جگانے اور اپنے ہی فرائض منصبی کو دیانتداری اور احسن طریقے سے نبھانے سے لوگوں کے رویوں پر تعمیری اور مثبت اثرات مرتب ہوتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ خدمت خلق میں عظمت ہے اور معاشرے کے محروم، نادار اور معاشی نا آسودگی سے دوچار لوگوں کی فلاح و بہبود کے لئے بھرپور کردار کرنے سے معاشرے میں امتیاز ملتا ہے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان قدرتی وسائل اور ملنسار افراد سے مالا مال ہے۔ ہمارے اعلٰی تعلیمی اداروں میں باصلاحیت اور تجربہ کار افراد کی کمی نہیں اور وہ سماج میں سمجھنے اور بدلنے کی بھرپور صلاحیت اور صوبے کے لئے کچھ کرنے کا جذبہ بھی رکھتے ہیں، مگر سہولتوں اور مواقعوں کی عدم دستیابی ہی ان کی راہ میں بڑی رکاوٹ ہے۔

گورنر بلوچستان نے کہا کہ مثبت اور تعمیراتی رویئے بنانے میں ادارے اہم کردار ادا کر سکتے ہیں، لہٰذا ضروری ہے کہ ہم اپنے اداروں کو مزید مضبوط اور مؤثر بنائے۔ گورنر نے صوبے کے باصلاحیت اور ذہین نوجوانوں کو نکھارنے اور معاشرے میں اپنے حصہ کو پورا کردار ادا کرنے پر انجئینر وقاص مینگل اور ان کی پوری ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ گورنر نے کہاکہ لوگوں کی صلاحیتوں میں نکھار پیدا کرنا، مناسب ماحول کرنا اور ملکی و قومی ترقی خوشحالی کیلئے بروئے کار لانا حکومت کی ذمہ داری ہے۔ تقریب کے شرکاء سے سابق اسپیکر صوبائی اسمبلی راحیلہ حمید خان درانی، روشن خورشید بروچہ، محمد عظیم خان کاکڑ، میر اسد جان مینگل، محفوظ علی خان اور بلوچستان اسٹارز کے بانی انجئینر وقاص مینگل نے بھی خطاب کیا۔ آخر میں گورنر بلوچستان نے بلوچستان اسٹارز اور منتظمین میں شیلڈ تقسیم کیں۔
خبر کا کوڈ : 817817
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش