0
Monday 23 Sep 2019 18:57

وزیراعلیٰ سندھ کی کراچی میں صفائی مہم کامیابی سے جاری ہے، مرتضیٰ وہاب

وزیراعلیٰ سندھ کی کراچی میں صفائی مہم کامیابی سے جاری ہے، مرتضیٰ وہاب
اسلام ٹائمز۔ ترجمان سندھ حکومت اور وزیراعلیٰ سندھ کے مشیر قانون و ماحولیات بیرسٹر مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ وزیراعلیٰ سندھ کی سربراہی میں کراچی سے کچرا اٹھانے اور شہر کو صاف ستھرا بنانے کی مہم کامیابی سے جاری ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی بلڈنگ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ شہر سے کچرا اٹھانے کی بنیادی ذمہ داری ڈی ایم سیز اور کنٹونمنٹ بورڈز کی ہے مگر سندھ حکومت بلاتفریق پورے شہر سے کچرا اٹھا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کے چار اضلاع میں سندھ حکومت کے تحت سالڈ ویسٹ بورڈ کچرا اٹھا رہی ہے مگر ضلع وسطی اور ضلع کورنگی میں بھی سالڈ ویسٹ بورڈ یہ کام کر رہا ہے، اب روزانہ کچرا گیارہ ہزار ٹن سے بڑھ کر چودہ ہزار ٹن تک اٹھایا جارہا ہے تاکہ شہر سے کچرے کے بیک لاگ کو کم کیا جائے۔ صوبائی مشیر نے کہا کہ کسی کا کوئی بھی علاقہ ہو ہم بھرپور طریقہ سے اپنی ذمہ داری پوری کر رہے ہیں، کل سے شہر میں قائم جی ٹی ایس پوائنٹ پر کچرا منتقل کرنا شروع کریں گے، اس مقصد کے لئے تقریبا ڈھائی سو ڈمپرز اور ہیوی مشینری کا استعمال جاری ہے۔

صحافیوں کی جانب سے کئے گئے سوالات کے جواب میں صوبائی مشیر نے کہا کہ ملیر میں سیوریج لائن سے بڑے پتھر نکالے گئے ہیں جوکہ شہر کو یرغمال بنانے والے عناصر کی شرپسندی کے سوا کچھ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں ایسے عناصر سے اپیل کرتا ہوں کہ ہمارے کاموں میں رکاوٹ نہ ڈالیں اور شہر کو صاف کرنے میں ہمارا ساتھ دیں۔ مزید براں انہوں نے عوام سے بھی اپیل کی ہے کہ وہ اپنا کچرا صرف کچرا کنڈی اور گاربیج پوائنٹ پر ڈالیں تاکہ انہی پوائنٹ سے کچرا اٹھایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ مجھے بڑی مسرت ہے کہ محکمہ ماحولیات کی جانب سے پلاسٹک بیگز کے استعمال کو ممنوع قرار دیتے ہوئے پلاسٹک مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن کے وفد نے ملاقات کرتے ہوئے اس امر کو ماحول کے لئے خوش آئند قرار دیا اور یکم اکتوبر سے ماحول دشمن پلاسٹک بیگز نہ بنانے کا اعلان کیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 817893
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش