QR CodeQR Code

لاپتہ افراد بازیاب نہ ہوئے تو اتوار سے وزیر خارجہ کے گھر کے سامنے مستقل دھرنا دیا جائیگا

ملتان، لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے لواحقین کا وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے گھر کے سامنے دھرنا

کشمیری مسلمانوں کیلئے انصاف مانگنے والے پہلے اپنے شہریوں کو انصاف فراہم کریں

23 Sep 2019 19:47

دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے لواحقین کا کہنا تھا کہ کشمیری مسلمانوں کیلئے انصاف مانگنے والے پہلے اپنے شہریوں کو انصاف فراہم کریں۔ اگر اگلے اتوار تک ہمارے لاپتہ افراد بازیاب نہ ہوئے تو اتوار سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے گھر کے سامنے مستقل دھرنا دیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسنز پاکستان کے زیراہتمام ملک بھر میں اور بالخصوص ملتان سے جبری طور پر لاپتہ ہونے والے افراد کی بازیابی کے لیے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کی رہائش گاہ کے سامنے احتجاجی دھرنا دیا گیا۔ احتجاجی دھرنے میں جنوبی پنجاب سے لاپتہ افراد کے لواحقین نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ دھرنے میں بچوں اور خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی، جنہوں نے علم حضرت عباس علیہ السلام اور قومی پرچم اٹھا رکھے تھے۔ دھرنے کے شرکاء نے نماز مغربین وزیر خارجہ کے گھر کے باہر ادا کی۔ اس موقع پر سکیورٹی فول پروف انتظامات کیے گئے تھے۔ دھرنے میں ملتان سمیت جنوبی پنجاب بھر سے لاپتہ افراد کے لواحقین کی بڑی تعداد میں شرکت کی۔

دھرنے کے شرکاء نے پاکستانی پرچم اٹھائے ہوئے وزیر خارجہ پاکستان، حکومت، آرمی چیف قمر جاوید باجوہ اور چیف جسٹس آف پاکستان سے اپنے لاپتہ افراد کی بازیابی کا مطالبہ کیا۔ دھرنے کے شرکاء نے کہا کہ اس ملک کے پُرامن اور محب وطن شہری ہیں ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔ لاپتہ افراد کے لواحقین کا کہنا تھا کہ اگر ہمارے بیٹے گناہگار ہیں تو اُنہیں عدالت میں پیش کیا جائے۔ کشمیری مسلمانوں کے لیے انصاف مانگنے والے پہلے اپنے شہریوں کو انصاف فراہم کریں، ہمیں بتایا جائے کہ ہمارے بیٹوں کو کیوں گرفتار کیا گیا ہے، اگر ان کا کوئی قصور ہے تو عدالتوں میں پیش کیا جائے، نہیں تو جلد از جلد رہا کیا جائے۔ انہوں نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے مطالبہ کیا کہ وہ مشکل کی اس گھڑی میں ان کا ساتھ دیں۔

لواحقین کا کہنا تھا کہ وہ اس ملک کے پرامن شہری ہیں اور قیام پاکستان میں ان کے بزرگوں کی قربانیاں ہیں، جنہیں فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ اُنہیں ان کے محب وطن ہونے کی سزا دی جا رہی ہے، اگر ہمارے جوانوں کو بازیاب نہ کرایا گیا تو احتجاج کا سلسلہ مزید وسیع کر دیں گے، دھرنا رات گئے تک جاری رہا جبکہ آخر میں ضلعی انتظامیہ اور وزیر خارجہ کے کیمپ آفس میں یادداشت پیش کی گئی۔ دھرنے کے اختتام پر لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے قرارداد پیش کی گئی، جسے شرکاء نے اپنے نعروں سے منظور کیا۔ اگر اگلے اتوار تک ہمارے لاپتہ افراد بازیاب نہ ہوئے تو اتوار سے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے گھر کے سامنے مستقل دھرنا دیا جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 817903

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/817903/ملتان-لاپتہ-افراد-کی-بازیابی-کیلئے-لواحقین-کا-وزیر-خارجہ-شاہ-محمود-قریشی-کے-گھر-سامنے-دھرنا

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org