QR CodeQR Code

ملی یکجہتی کونسل کے زیراہتمام ملٹی پارٹیز کشمیر کانفرنس 26 ستمبر کو ملتان میں ہوگی

23 Sep 2019 20:33

ملتان میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب کے رہنمائوں کا کہنا تھا کہ ہمیں اقوام متحدہ سے بھارتی آئین کی دفعہ 370 اور 35 اے کی بحالی کا نہیں مقبوضہ کشمیر کی آزادی کا مطالبہ کرنا چاہیئے، دنیا کمزور کا نہیں طاقتور کا ساتھ دیتی ہے، جب تک ہم خود مظلوم کشمیریوں کو بھارتی ظلم و جبر سے نجات دلانے کیلئے نہیں اٹھیں گے، دنیا ہمارا ساتھ نہیں دیگی۔


اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب کے صدر میاں آصف محمود اخوانی، سیکرٹری جنرل محمد ایوب مغل، میڈیا کو آرڈی نیٹر کنور محمد صدیق نے دارالسلام دفتر جماعت اسلامی میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں آج کرفیو کا 50 واں روز ہے، نہ خوراک، نہ ادویات، نہ پانی، نہ بجلی عملاً مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے، بھوک، پیاس اور بیماری سے مرنے والوں کو گھروں میں دفن کرنے پر مجبور ہیں، مگر حکمران عملی اقدام اٹھانے کی بجائے ٹرمپ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب کے تحت 26 ستمبر کو ملٹی پارٹیز کشمیر کانفرنس دارالسلام نزد کلمہ چوک میں منعقد ہوگی۔ جس کی صدارت مرکزی سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل لیاقت بلوچ کرینگے، جبکہ بزرگ سیاستدان مخدوم جاوید ہاشمی، چیئرمین کشمیر کمیٹی سید فخر امام، سابق گورنر ملک رفیق رجوانہ، سابق وزیر صاحبزادہ حامد سعید کاظمی، ناظم اعلیٰ وفاق المدارس قاری محمد حنیف جالندھری، امیر جماعت اسلامی جنوبی پنجاب راؤ محمد ظفر، سینیٹر محمود الحسن، صدر ہائی کورٹ بار ملک حیدر عثمان، مولانا عبدالرحیم گجر، سابق میئر ملتان نوید آرائیں سمیت دیگر دینی و سیاسی جماعتوں کے قائدین شریک ہوں گے۔

انہوں نے مزید کہ ہمیں اقوام متحدہ سے بھارتی آئین کی دفعہ 370 اور 35 اے کی بحالی کا نہیں مقبوضہ کشمیر کی آزادی کا مطالبہ کرنا چاہیئے، دنیا کمزور کا نہیں طاقتور کا ساتھ دیتی ہے، جب تک ہم خود مظلوم کشمیریوں کو بھارتی ظلم و جبر سے نجات دلانے کیلئے نہیں اٹھیں گے، دنیا ہمارا ساتھ نہیں دے گی۔ انہوں نے کہا کہ محض قراردادیں پاس کرنے سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا، پہلے بھی مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی 23 قراردادیں موجود ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی آزادی ہمارے لئے زندگی و موت کا مسئلہ ہے، ملٹی پارٹیز کشمیر کانفرنس سے مظلوم کشمیریوں کو ایک مثبت پیغام جائے گا۔


خبر کا کوڈ: 817915

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/817915/ملی-یکجہتی-کونسل-کے-زیراہتمام-ملٹی-پارٹیز-کشمیر-کانفرنس-26-ستمبر-کو-ملتان-میں-ہوگی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org