QR CodeQR Code

دنیا کا بہترین میئر عدالتوں کے چکر لگا رہا ہے، ایٹمی ملک کے بڑے شہر میں کچرا اٹھانے والا کوئی نہیں، مصطفیٰ کمال

24 Sep 2019 18:04

سندھ ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ شہر کراچی کے حالات مزید خراب ہوگئے، کراچی میں عام آدمی رو رہا ہے، 18ویں ترمیم سے فائدہ ہونے کے بجائے نقصان ہو رہا ہے، اس ترمیم میں مزید ترمیم کرکے اختیارات ڈسٹرکٹ تک آنے چاہئیں۔


 اسلام ٹائمز۔ پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفٰی کمال نے کہا ہے کہ دنیا کا بہترین میئر آج عدالتوں کے چکر لگا رہا ہے، ایٹمی ملک کے سب سے بڑے شہر میں کچرا اٹھانے والا کوئی نہیں ہے۔ سندھ ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی مصطفٰی کمال نے کہا کہ مجھ پر نظامت کے دور کا کیس بنایا گیا ہے، 2005ء میں میئر بنا، مجھ پر غیر قانونی الاٹمنٹ کا الزام ہے، پرائیویٹ اراضی کو سرکاری بندہ کیسے الاٹمنٹ کر سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ عدالتوں کا احترام کرتا ہوں، دنیا کا بہترین میئر آج عدالتوں کے چکر لگا رہا ہے، شہر کراچی کے حالات مزید خراب ہوگئے، کراچی میں عام آدمی رو رہا ہے۔ چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ 18ویں ترمیم سے فائدہ ہونے کے بجائے نقصان ہو رہا ہے، اس ترمیم میں مزید ترمیم کرکے اختیارات ڈسٹرکٹ تک آنے چاہئیں۔

چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ این ایف سی کی طرح پی ایف سی کیلئے بھی فنڈز کا اجراء ہونا چاہیئے، میئر کے اختیارات آئین میں درج ہونے چاہئیں۔ مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ایٹمی ملک کے سب سے بڑے شہر میں کچرا اٹھانے والا کوئی نہیں، مسئلہ کشمیر پر وزیراعظم عمران خان کی ہر طرح سے حمایت کی ہے۔ سربراہ پی ایس پی نے کہا کہ لیاقت علی قائم خانی ریٹائرڈ ہونے کے باوجود 9 سال سے کام کر رہے تھے، 9 سال سے بغیر کسی نوٹیفیکیشن کے لیاقت علی قائم خانی سیٹ پر بیٹھے رہے۔


خبر کا کوڈ: 818122

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/818122/دنیا-کا-بہترین-میئر-عدالتوں-کے-چکر-لگا-رہا-ہے-ایٹمی-ملک-بڑے-شہر-میں-کچرا-اٹھانے-والا-کوئی-نہیں-مصطفی-کمال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org