0
Tuesday 24 Sep 2019 19:12

خون کے آخری قطرے تک کشمیریوں کیساتھ ہیں، کسی بھی قیمت پر انہیں تنہا نہیں چھوڑینگے، آصف محمود اخوانی

خون کے آخری قطرے تک کشمیریوں کیساتھ ہیں، کسی بھی قیمت پر انہیں تنہا نہیں چھوڑینگے، آصف محمود اخوانی
اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب کا اہم اجلاس زیر صدارت صدر ایم وائی سی جنوبی پنجاب میاں آصف محمود اخوانی دارالسلام میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں 26 ستمبر کو ملٹی پارٹیز کانفرنس کے حوالے سے انتظامات اور تیاریوں کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں سیکرٹری جنرل ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب محمد ایوب مغل، مولانا محمود بشیر، مولانا انعام اللہ جامعی، حافظ محمد اسلم، عبدالرحمن حیدری، کنور محمد صدیق و دیگر دینی، سیاسی جماعتوں کے قائدین نے شرکت کی۔ اس موقع پر ملی یکجہتی کونسل جنوبی پنجاب کے رہنماؤں نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ خون کے آخری قطرے تک کشمیریوں کے ساتھ کھڑے ہیں اور کسی بھی قیمت پر انہیں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ محض قراردادیں پاس کرنے سے مسئلہ کشمیر حل نہیں ہوگا، پہلے بھی مسئلہ کشمیر پر اقوام متحدہ کی 23 قراردادیں موجود ہیں، ضرورت اس امر کی ہے کہ اقوام متحدہ اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دیا جائے۔

انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کی آزادی ہمارے لئے زندگی و موت کا مسئلہ ہے، پوری قوم اس معاملے پر یک زبان ہے اور وہ چاہتی ہے کہ حکومت ہندوستان کے گھناؤنے چہرے کو بے نقاب کرنے کے لئے بھرپور انداز میں سفارت کاری کرے، محض احتجاج کافی نہیں، مسلم برادر ممالک سمیت عالمی برادری کی توجہ اس جانب مبذول کروانے کی ضرورت ہے۔ دو ایٹمی قوتیں مسئلہ کشمیر پر آمنے سامنے کھڑی ہیں، ہندوستان نے خطے کو ایٹمی جنگ کے دھانے پر پہنچا دیا ہے، مقبوضہ کشمیر میں آج کرفیو کا 50 واں روز ہے۔ نہ خوراک، نہ ادویات، نہ پانی، نہ بجلی عملاً مقبوضہ کشمیر کو جیل میں تبدیل کر دیا ہے، بھوک پیاس اور بیماری سے مرنے والوں کو گھروں میں دفن کرنے پر مجبور ہیں، مگر حکمران عملی اقدام اٹھانے کی بجائے ٹرمپ کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ملٹی پارٹیز کشمیر کانفرنس سے مظلوم کشمیریوں کو ایک مثبت پیغام جائے گا۔
خبر کا کوڈ : 818139
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش