0
Tuesday 24 Sep 2019 23:23

مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر مؤثر انداز میں اُٹھایا جائے، ملی یکجہتی کونسل سندھ

مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر مؤثر انداز میں اُٹھایا جائے، ملی یکجہتی کونسل سندھ
اسلام ٹائمز۔ ملی یکجہتی کونسل سندھ نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم، ریاستی جبر و تشدد، انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، مقبوضہ وادی کو بھارت کا حصہ قرار دینے اور مسلسل 50 دن سے کرفیو کی شدید مذمت کرتے ہوئے حکومت پر زور دیا ہے کہ مسئلہ کشمیر کو عالمی فورمز پر مؤثر انداز میں اُٹھایا جائے۔ اس حوالے سے کسی بھی قسم کی کمزوری، بزدلی اور نااہلی کا مظاہرہ نہ کیا جائے، مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف وزریاں اور بدترین ظلم و تشدد کا خاتمہ یقینی بنایا جائے، 50 دن سے مسلسل جاری کرفیو سمیت دیگر پابندیاں ہٹائی جائیں، اقوام متحدہ اور عالمی برادری مقبوضہ کشمیر میں انسانی تاریخ کے بدترین ظلم کو بند کرانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ یہ بات کونسل کے صوبائی صدر اسد اللہ بھٹو کی زیر صدارت ادارہ نور حق میں صوبائی کونسل کے ایک اہم اجلاس میں کی گئی۔ اجلاس میں کونسل میں شامل مختلف جماعتوں کے نمائندوں نے بھی شرکت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مسئلہ کشمیر کے حوالے سے بہت جلد صوبائی سطح پر ایک کل جماعتی کانفرنس منعقد کی جائے گی۔

اجلاس میں کونسل کی مرکزی قیادت کو تجویز دی گئی ہے کہ مسئلہ کشمیر پر ایک قومی کانفرنس کا انعقاد کیا جائے۔ اجلاس میں یہ بھی طے کیا گیا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کے حوالے سے مختلف ممالک کے سفارتخانوں، انسانی حقوق کی تنظیموں اور بین الاقوامی فورمز کے ذمہ داروں کو خصوصی مراسلے روانہ کئے جائیں گے اور مختلف سطح پر ملاقاتیں اور رابطے کئے جائیں گے۔ اجلاس میں مطالبہ کیا گیا کہ گھوٹکی میں توہین رسالت (ص) کے مرتکب اسکول پرنسپل نوتن مل کو گرفتار کیا جائے اور قانون کے مطابق کارروائی کرتے ہوئے اسے سزا دی جائے اور اس حوالے سے گھوٹکی میں عام افراد کے خلاف قائم مقدمات ختم کئے جائیں اور بلاجواز کارروائیاں بند کی جائیں۔

اجلاس میں جمعیت علمائے پاکستان کے قاضی احمد نورانی، امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی، اسلامی تحریک سندھ کے صدر علامہ سید ناظر عباس تقوی، جمعیت علمائے پاکستان کے سید عقیل انجم قادری، کو آرڈی نیشن سیکریٹری ملی یکجہتی کونسل کے برجیس احمد، سیکریٹری جنرل ایم ڈبلیو ایم علامہ محمد صادق جعفری، مجلس وحدت مسلمین کے میر تقی علی ظفر، نائب ناظم اعلیٰ تنظیم اسلامی جنوبی پاکستان سید اظہر ریاضی، ملی یکجہتی کونسل سندھ کے صوبائی رہنما علامہ جعفر سبحانی، جمعیت اتحاد العلماء کراچی کے مولانا عبد الوحید، عالمی مجلس تحفظ ختم نبوت امیر کراچی جنوبی کے محمد کلیم اللہ نعمان، جماعت اسلامی کے راجہ عارف سلطان، UMFP کے انفارمیشن سیکریٹری ندیم شہزاد، ملی یکجہتی کونسل سندھ کے سیکریٹری اطلاعات زاہد عسکری، جمعیت علماء پاکستان کے صاحبزادہ احمد عمران نقشبندی اور دیگر نے شرکت کی۔
خبر کا کوڈ : 818180
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش