0
Wednesday 25 Sep 2019 13:35

بھارتی حکومت کشمیر کے معاملے پر جھوٹ بول رہی ہے، التجا مفتی

بھارتی حکومت کشمیر کے معاملے پر جھوٹ بول رہی ہے، التجا مفتی
اسلام ٹائمز۔ جموں و کشمیر پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر کی بیٹی نے کہا کہ بھارتی حکومت کشمیر کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے لوگوں کو گمراہ کررہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 کا تعمیر و ترقی سے کوئی واسطہ ہی نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کو کشمیر کے مستقبل کی طرف نہیں بلکہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔ سرینگر میں ایک نجی نیوز چینل سے گفتگو کے دوران محبوبہ مفتی کی بیٹی التجا مفتی نے کہا کہ وادی کشمیر میں حالات معمول پر نہیں آئے ہیں بلکہ لوگوں کو گمراہ کیا جارہا ہے کہ یہاں پر سب کچھ ٹھیک ہے تاہم زمینی سطح پر لوگوں کو زبردست مشکلات کا سامنا درپیش ہے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو مہینے سے لگاتار بندشیں عائد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلسل بندشوں کی وجہ سے لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے ہیں جبکہ کاروباری ادارے پوری طرح سے ٹھپ پڑے ہوئے ہیں جس کی وجہ سے کشمیر کی اقتصادی حالت بدتر ہوئی ہے۔

التجا مفتی کا کہنا تھا کہ بھارتی حکومت کشمیر کے حوالے سے جھوٹ بول رہی ہے اور حقائق کو چھپایا جارہا ہے۔ التجا مفتی کے مطابق بھارتی حکومت کو کشمیر کے مستقبل کی طرف نہیں بلکہ کشمیر کے موجودہ حالات پر غور کرنا چاہیئے تاکہ یہاں کی عوام کو اس مصیبت سے باہر نکالا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ گذشتہ 55  دنوں سے میری ماں محبوبہ مفتی نظربند ہے جبکہ گرفتاریوں کا سلسلہ بھی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں میں خوف و ہراس پایا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ دفعہ 370 کا تعمیر و ترقی سے کوئی واسطہ نہیں ہے بلکہ بھارتی حکومت نے غیر قانونی اور غیر آئینی طریقے سے اس قانون کو منسوخ کیا اور اب لوگوں کو گمراہ کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اب کشمیر اور بھارت کے درمیان کوئی آئینی و قانون رشتہ باقی نہیں رہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 818278
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش