0
Thursday 26 Sep 2019 08:43

ملتان، لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے بچوں کا احتجاجی مظاہرہ، رہائی کا مطالبہ

ملتان، لاپتہ افراد کی بازیابی کیلئے بچوں کا احتجاجی مظاہرہ، رہائی کا مطالبہ
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر میں لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے ملتان پریس کلب کے سامنے کمسن بچوں نے احتجاجی مظاہرہ کیا، احتجاجی مظاہرے کی قیادت معروف قانون دان یافث نوید ہاشمی کی بیٹے یعسوب ہاشمی نے کی۔ احتجاجی مظاہرے میں بچوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، جنہوں نے ہاتھوں میں رسیاں اور منہ پر کالی ٹیپ لگا کر حکام بالا، آرمی چیف، چیف جسٹس آف پاکستان اور وزیراعظم عمران سے انصاف کی اپیل کی، مظاہرے میں شریک پُرجوش بچوں نے اپنی حب الوطنی کے ثبوت کے طور قومی پرچم بھی اُٹھا رکھا تھا، بچوں نے پاکستان زندہ باد، پاک فوج زندہ اور کشمیری مسلمانوں کے حق میں بھی نعرے بازی کی۔

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے یافث نوید ہاشمی کے بیٹے یعسوب ہاشمی نے کہا کہ ''عمران انکل میرے بابا کہاں ہیں، باجوہ انکل میرے بابا کہاں ہیں، مجھے اپنے بابا کی یاد آئی ہے، مجھے ان سے ملوا دیں، باجوہ انکل ہم سڑکوں پر انصاف مانگنے کیلئے نکل آئے ہیں یا ہمارے اسیروں کو بازیاب کرائیں یا پھر ہمیں بھی قید کرلیں۔'' بچوں کی درد بھری آواز نے ماحول کو پُرنم کر دیا، مظاہرے میں شریک دیگر بچوں کا کہنا تھا کہ ہمیں بتایا جائے ہمارے اسیروں کا کیا قصور ہے؟ کیا ہم اس ملک کے پُرامن شہری نہیں ہیں؟، یا ہمارے اسیروں کو رہا کیا جائے یا پھر ہمیں بھی قید کر لیا جائے۔ واضح رہے کہ جوائنٹ ایکشن کمیٹی فار شیعہ مسنگ پرسن کی کال پر ملتان، کراچی اور لاہور میں جبری طور پر لاپتہ افراد کی بازیابی کے لیے تحریک زور پکڑ رہی ہے جبکہ ملتان میں خانوادگان اسیران نے 29 ستمبر کو وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کے گھر کے سامنے احتجاجی دھرنے کی کال دے رکھی ہے۔
 
خبر کا کوڈ : 818415
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش