QR CodeQR Code

ولائے اہلبیتؑ کی دولت خوش نصیب افراد کو ہی ملتی ہے، حنا تقوی

26 Sep 2019 10:37

مجلس عزاء سے خطاب میں ایم ڈبلیو ایم لاہور کی سیکرٹری جنرل کا کہنا تھا کہ یہ اس ولاء کی برکت ہے کہ دنیا بھر میں ملت جعفریہ ہی دفاع اسلام میں مصروف ہے، رہبر معظم ہوں یا سید حسن نصراللہ، ابراہیم زکزکی ہوں یا یمن کے حوثی مجاہدین، سب کے سب درسگاہ کربلا کے طالبعلم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے ملت تشیع کیخلاف دنیا بھر میں سازشیں ہو رہی ہیں جنہیں ناکام بنانے کیلئے ہمیں بیداری کا ثبوت دینا ہوگا۔


اسلام ٹائمز۔ مجلس وحدت مسلمین شعبہ خواتین لاہور کی سیکرٹری جنرل حنا تقوی نے شہادت امام سجاد علیہ السلام کے موقع پر جعفریہ کالونی، نشاط کالونی، رحمان ولاز، علی ویو گارڈن سمیت دیگر علاقوں میں مجالس عزاء سے خطاب کیا۔ اقوال امام سجاد علیہ السلام بیان کرتے ہوئے حنا تقوی کا کہنا تھا آگاہ رہو کہ ہر بندے کی چار آنکھیں ہیں، دو آنکھیں وہ جو ظاہری ہیں، وہ اپنے دین و دنیا کے امور کو دیکھتا ہے اور باقی دو آنکھوں سے جو کہ اس کی باطنی آنکھیں ہیں، اپنی آخرت کے امور کو دیکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ جب خدا کسی بندے کی خیر خواہی چاہتا ہے تو اس کیلئے اس کے دل کی دونوں آنکھیں کھول دیتا ہے تاکہ وہ ان آنکھوں کے ذریعے غیب و امر آخرت کو دیکھ سکے اور اگر اس کے متعلق خدا کا کوئی اور ارادہ ہو تو اس کے دل کو اسی حالت پر رہنے دیتا ہے کہ جس میں وہ ہے۔

حنا تقوی کا کہنا تھاکہ ہم خوش قسمت قوم ہیں کہ جنہیں ولائے اہلبیت ملی ہے، یہ وہ دولت ہے جو خوش نصیب افراد کو ہی ملتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ اس ولاء کی برکت ہے کہ دنیا بھر میں ملت جعفریہ ہی دفاع اسلام میں مصروف ہے، رہبر معظم ہوں یا سید حسن نصراللہ، ابراہیم زکزکی ہوں یا یمن کے حوثی مجاہدین، سب کے سب درسگاہ  کربلا کے طالبعلم ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسی وجہ سے ملت تشیع کیخلاف دنیا بھر میں سازشیں ہو رہی ہیں جنہیں ناکام بنانے کیلئے ہمیں بیداری کا ثبوت دینا ہوگا۔ انہوں نے خواتین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اپنی اولاد کی تربیت کربلائی نصاب کے تحت کریں، تاکہ وہ اپنی عملی زندگی میں وقت کے یزید سے سمجھوتہ نہ کر سکیں۔


خبر کا کوڈ: 818438

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/818438/ولائے-اہلبیت-کی-دولت-خوش-نصیب-افراد-کو-ہی-ملتی-ہے-حنا-تقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org