QR CodeQR Code

زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر لوگوں کو معاوضہ وفاقی حکومت دے گی، بیرسٹر سلطان

26 Sep 2019 13:27

پی ٹی آئی آزادکشمیر کے رہنما نے کہا ہے کہ میں نے یہاں نیویارک میں وزیراعظم پاکستان اور وزیر امور کشمیر سے ملاقاتیں کر کے میرپور کی صورتحال پر بریفنگ دی ہے۔ میں اپنا امریکہ کا دورہ مختصر کر کے ایک دو روز میں میرپور روانہ ہو جاوں گا۔


اسلام ٹائمز۔ وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور اور آزادکشمیر کے سابق وزیراعظم و پی ٹی آئی کشمیر کے صدر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا ہے کہ میرپور میں ہولناک زلزلے سے ہونے والی تباہ کاریوں کا جائزہ لیا جا رہا ہے اس زلزلے کے نتیجے میں بڑا جانی و مالی نقصان ہوا ہے اس پر ہم نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کو بریفنگ دی ہے، وزیراعظم عمران خان نے ہمیں یقین دلایا ہے کہ زلزلے سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر لوگوں کو معاوضہ وفاقی حکومت دے گی، اگرچہ قیمتی جان کا کوئی چیز نعم البدل نہیں تاہم ہم متاثرین زلزلہ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ ہم ساری صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہیں، زخمیوں کو فوری اور بہتر طبی امداد مہیا کی جائے۔ چیف سیکریٹری آزادکشمیر سے مسلسل رابطے میں ہیں۔ ان خیالات کا اظہار دونوں رہنماﺅں نے آج یہاں نیویارک میں میرپور میں زلزلے کے بعد درپیش سنگین صورتحال پر ایک ہنگامی ملاقات میں کیا۔

اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے کہا کہ میں نے یہاں نیویارک میں وزیراعظم عمران خان اور وزیر امور کشمیر علی امین گنڈا پور سے ملاقاتیں کر کے میرپور کی صورتحال پر بریفنگ دی ہے۔ میں اپنا امریکہ کا دورہ مختصر کر کے ایک دو روز میں میرپور روانہ ہو جاوں گا۔ انھوں نے کہا کہ زلزلے سے زخمی ہونے والوں کو فوری طبی امداد اور متاثرہ علاقوں میں امدادی کاروائیاں تیز کرنے کے لئے انتظامیہ کو ہدایات جاری کر دی ہیں۔ بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے متاثرہ علاقوں میں ریسکیو آپریشن تیز کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ جانی نقصان کم سے کم ہو۔ اس موقع پر بیرسٹر سلطان محمود چوہدری نے پی ٹی آئی کشمیر کے کارکنوں کو خصوصی ہدایت کی ہے کہ وہ بھی امدادی کاروائیوں میں انتظامیہ کے ساتھ ملکر مدد کریں۔


خبر کا کوڈ: 818507

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/818507/زلزلے-سے-ہونے-والے-جانی-مالی-نقصان-پر-لوگوں-کو-معاوضہ-وفاقی-حکومت-دے-گی-بیرسٹر-سلطان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org