QR CodeQR Code

پاک افغان سرحد دو دن کے لیے بند

26 Sep 2019 19:01

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق 27 اور 28 ستمبر کو تمام داخلی راستے اور کارگو ٹرمینلز مکمل بند ہوں گے، صرف تشویشناک مرض میں مبتلا مریضوں کو داخلے کی اجازت دی جائے گی جب کہ پیدل آنے والے شہریوں اور تجارتی گاڑیوں کو تلاشی کے بعد پاکستان آنے دیا جائے گا۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان نے حفاظتی اقدامات کے طور پر افغانستان میں صدارتی انتخابات کے دوران دو دن کے لیے افغان سرحد جزوی طور پر بند کرنے کا اعلان کیا ہے۔ ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق 27 اور 28 ستمبر کو تمام داخلی راستے اور کارگو ٹرمینلز مکمل بند ہوں گے۔ اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ صرف تشویشناک مرض میں مبتلا مریضوں کو داخلے کی اجازت دی جائے گی جب کہ پیدل آنے والے شہریوں اور تجارتی گاڑیوں کو تلاشی کے بعد پاکستان آنے دیا جائے گا۔ حکام کا کہنا ہے کہ افغانستان میں انتخابات کے دوران پاکستان کے سرحد سے ملحقہ علاقوں میں بھی سکیورٹی سخت رہے گی۔ خیال رہے کہ 28 ستمبر کو افغانستان میں صدارتی انتخاب ہوں گے، جس میں اشرف غنی دوسری بار صدارت کے امیدوار ہیں۔ پانچ سال تک اشرف غنی کیساتھ اقتدار میں شراکت دار رہنے والے عبداللہ عبداللہ اور سابق جنگی سردار گلبدین حکمت یار بھی صدارت کی دوڑ میں شامل ہیں۔ افغان صدر اشرف غنی کے بڑے حریف عبداللہ عبداللہ ہیں، جو گزشتہ الیکشن ہار گئےتھے لیکن وہ شراکت اقتدار کے معاہدے کے تحت ملک کے چیف ایگزیکٹو تھے۔ عبداللہ عبداللہ، حامد کرزئی سے گذشتہ الیکشن ہار گئے تھے۔ حامد کرزئی ملا عمر کی طالبان انتظامیہ کے خاتمے کے بعد ملک کے پہلے صدر بنے۔ دونوں صدارتی انتخابات میں دھاندلی کے الزامات لگائے گئے تھے۔


خبر کا کوڈ: 818540

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/818540/پاک-افغان-سرحد-دو-دن-کے-لیے-بند

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org