QR CodeQR Code

ملک کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے، تعلیم یافتہ نوجوان میدان میں آئیں، میئر کراچی

26 Sep 2019 21:54

سٹی کونسل ہال میں یوتھ پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ کرپشن کے تدارک کے لئے ضروری ہے کہ وفاقی حکومت عوام کو مفت تعلیم، علاج اور سیکورٹی کی سہولیات فراہم کرے تو اس کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہوں گے اور کرپشن میں نمایاں کمی ہوگی۔


اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ اس ملک کا مستقبل نوجوانوں سے وابستہ ہے، تعلیم یافتہ نوجوان میدان میں آئیں اور اس ملک کی باگ دوڑ سنبھالنے میں مثبت کردار ادا کریں، پاکستان میں کی جانے والی حالیہ مردم شماری پر ہم متفق نہیں ہیں جس کے باعث ہم نے کورٹ سے رجوع کیا ہے کیونکہ حالیہ مردم شماری میں کراچی کی تین کروڑ کی آبادی کو صرف ایک کروڑ 40 لاکھ ظاہر کرکے این ایف سی ایوارڈ کم کردیا گیا جو ایجوکیشن، ہیلتھ سمیت دیگر شعبوں کی پالیسیاں تیار کرنے میں مشکلات کا سبب ہوگا، کرپشن کے تدارک کے لئے ضروری ہے کہ وفاقی حکومت عوام کو مفت تعلیم، علاج اور سیکورٹی کی سہولیات فراہم کرے تو اس کے حوصلہ افزاء نتائج برآمد ہوں گے اور کرپشن میں نمایاں کمی ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سٹی کونسل ہال میں یوتھ پارلیمنٹ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا جس میں نوجوانوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اجلاس میں میئر کراچی کی سربراہی میں ”کراچی یوتھ کمیٹی“ کا قیام بھی عمل میں لانے کا فیصلہ کیا گیا جس کا آفس بلدیہ عظمیٰ کراچی کی بلڈنگ میں قائم کیا جائے گا، یہ کمیٹی نوجوانوں کی مشاورت سے کراچی کے مسائل کا حل، شہر کی بہتری اور ترقی کے لئے تجاویز دے گی، یوتھ پارلیمنٹ نے کشمیر میں 51 روز سے جاری کرفیو، انسانی حقوق کی پامالی اور کشمیریوں کو حق خودارادیت دینے، لوکل گورنمنٹ نظام کو مضبوط اور میئر کو زیادہ بااختیار بنانے، کراچی میں پبلک ٹرانسپورٹ کی سہولیات فراہم کرنے، سرکلر ریلوے کی بحالی، ماس ٹرانزٹ کے منصوبوں کو فوری طور پر شروع کرنے اور گٹکے سمیت دیگر منشیات پر فوری پابندی عائد کرنے کی قراردادیں اتفاق رائے سے منظور کی گئیں۔


خبر کا کوڈ: 818568

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/818568/ملک-کا-مستقبل-نوجوانوں-سے-وابستہ-ہے-تعلیم-یافتہ-نوجوان-میدان-میں-آئیں-میئر-کراچی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org