0
Wednesday 29 Jun 2011 15:19

شیخ غلام محمد اتحاد بین المسلمین کے داعی تھے،اصغر درس، شیخ مرحوم کی فراست نے سانحہ 88ء کے دوران بلتستان کو محفوظ رکھا، مولانا خلیل

شیخ غلام محمد اتحاد بین المسلمین کے داعی تھے،اصغر درس، شیخ مرحوم کی فراست نے سانحہ 88ء کے دوران بلتستان کو محفوظ رکھا، مولانا خلیل
سکردو:اسلام ٹائمز۔ شیخ مرحوم علامہ غلام محمد کی 19 برسی سکردو میں منائی گئی، جسے سکردو کے مقامی ادبی تنظیم بزم علم و فن نے ترتیب دیا تھا۔ اس موقع پر نامور علماء نے شرکاء سے خطابات کئے۔ ملک کے نامور عالم دین اور خطیب اہلسنت علامہ اصغر درس نے اپنے خطاب میں کہا کہ قائد گلگت بلتستان علامہ شیخ غلام محمد اتحاد بین المسلمین کے حقیقی داعی اور علمبردار تھے، انکی شخصیت کا ہر پہلو ہمارے لئے نمونہ عمل ہے۔  انہوں نے کہا کہ آج بلتستان میں موجود امن و آشتی کی معطر فضا اسی مرد آہن کی جدو جہد کا ثمر ہے، جس نے اپنے آپ کو ایک سچا مسلمان اور محمد وآل محمد کے حقیقی پیروکار کے طور پر علاقے میں منوا لیا۔
انہوں نے کہا کہ کہ شیخ غلام محمد کی خدمات اور کاوشیں ملک کے دیگر علاقوں کے علماء کے لئے قابل تقلید ہیں۔ علامہ اصغر درس نے کہا کہ گلگت بلتستان کی سیاسی بصیرت نے اس خطے کی ترقی میں بھی نمایاں کردار ادا کیا۔ انہوں نے پیپلز پارٹی کی صوبائی حکومت اور قیادت سے مطالبہ کیا کہ وہ علامہ شیخ غلام محمد کی قربانیوں اور خدمات کی قدر کریں وہ کسی طور پر بھی بھلا دینے والی شخصیت نہیں ہے۔ انہوں نے تجویز دی کہ پیپلز پارٹی کی حکومت سکردو میں شیخ غلام محمد کے نام پر ایک لائبریری قائم کر کے انکی خدمات کا کچھ حق ادا کر سکتی ہے۔
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے خطیب اہلسنت سکردو مولانا محمد ابراہیم خلیل نے کہا کہ علامہ غلام محمد کی ذات بلتستان کے تمام مسالک کے لوگوں کے لئے ٹھنڈی چھاوں کی حیثیت رکھتے تھے۔ انہوں نے بلتستان کو امن کا گہوارہ بنانے اور مسالک کے مابین اخوت اور بھائی چارگی کے فروغ کے لئے عملی طور پر گراں قدر خدمات انجام دئے ہیں۔ مولانا خلیل نے کہا کہ شیخ غلام محمد کی فہم و فراست اور بردباری نے سانحہ 1988ء کے دوران بلتستان کو محفوظ رکھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ ہم آج بھی روزانہ صبح کی نماز کے بعد باقاعدگی سے علامہ شیخ غلام محمد کے لئے خصوصی دعا کرتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے علامہ مرزا یوسف حسین، سابق ڈپٹی سپیکر قانون ساز اسمبلی وزیر ولایت علی اور پیپلز پارٹی ضلع سکردو کے جنرل سیکریٹری عبد اللہ حیدری نے شیخ غلام محمد کی خدمات پر روشنی ڈالی اور انہیں شاندار الفاظ میں خراج عقیدت پیش کیا۔
خبر کا کوڈ : 81865
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش