QR CodeQR Code

بارشوں کے پیش نظر تھانے ضروری اقدامات کریں، کراچی پولیس چیف

27 Sep 2019 21:10

پولیس افسران کو ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ نشیبی علاقوں میں خاص طور پر ندی اور نالوں کے اطراف آباد افراد کی ضلعی انتظامیہ کی معاونت سے امداد کی جائے۔


اسلام ٹائمز۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی غلام نبی میمن نے تمام زونل ڈی ئی جیز اور ضلعی ایس ایس پیز کو ہدایت جاری کی ہیں کہ وہ اپنے متعلقہ پولیس افسران و ملازمین کو امدادی کاموں کیلئے متحرک کریں۔ انہوں نے کہا کہ بارشوں کے پیش نظر تھانوں کی سطح پر تمام تر ضروری اقدامات عمل میں لائے جائیں، نشیبی علاقوں میں خاص طور پر ندی اور نالوں کے اطراف آباد افراد کی ضلعی انتظامیہ کی معاونت سے امداد کی جائے، ٹریفک پولیس کے ساتھ ملکر سڑکوں پر ٹریفک کی روانی کو بحال رکھا جائے اور ایمرجینسی کی صورت میں عوام کو فوری امداد فراہم کی جائے۔

انہوں نے ہدایت کی کہ بارشوں کی وجہ سے نشیبی علاقوں، ندی نالوں اور زیر آب آجانیوالی سڑکوں کے متبادل روٹس کا جائزہ لیا جائے اور متاثر ہونے والے شہریوں کی امداد کیلئے ہرممکن اقدامات عمل میں لائے جائیں، بجلی کی تار گرنے یا پانی میں کرنٹ کی صورت میں اس مقام سے عوام کو دور رکھا جائے اور فوری طور پر متعلقہ ادارے کو اطلاع دی جائے، تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ موبائل گشت کو متحرک اور نمایاں مقامات پر رکھا جائے، تاکہ جرائم کی روک تھام کو بھی یقینی بنایا جائے۔


خبر کا کوڈ: 818724

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/818724/بارشوں-کے-پیش-نظر-تھانے-ضروری-اقدامات-کریں-کراچی-پولیس-چیف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org