QR CodeQR Code

عوام کو معلوم ہی نہیں ہورہا کہ کس ادارے کی کیا ذمہ داری ہے، میئر کراچی

27 Sep 2019 22:06

کرسچن کمیونٹی کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے وسیم اختر نے کہا کہ ہم کراچی کے عوام کو اس صورت حال سے آگاہ کرنے کے لئے آواز بلند کر رہے ہیں تاہم اس کے پس پردہ کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، بلکہ خالصتاً شہریوں کے مسائل کا حل نکالنا اور شہر کی نا فتہ بہ صورتحال میں بہتری لانا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ میئر کراچی وسیم اختر نے کہا ہے کہ اس شہر کو اتنے زیادہ اداروں میں تقسیم کردیا گیا ہے کہ عوام کو معلوم ہی نہیں ہو رہا کس ادارے کی کیا ذمہ داری ہے، کراچی کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کو ہر سطح پر اجاگر کرنے کے ساتھ مختلف کمیونٹیز کو بھی صورتحال سے آگاہ کیا جارہا ہے تاکہ عوام کو علم ہوسکے کہ اس شہر کے ساتھ کیا سلوک کیا جا رہا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بشپ آف کراچی اینڈ بلوچستان صادق ڈینیل کی سربراہی میں ملاقات کے لئے آنے والے کرسچن کمیونٹی کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ میئر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جو ذمہ داریاں ہیں ان کو پورا کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے مگر اختیارات اور وسائل اتنے نہیں کہ ان سے خاطر خواہ تبدیلیاں نظر آئیں، کراچی کی موجودہ صورتحال عوام کے سامنے ہے۔ میئر کراچی نے کہا کہ آج جو شہر کا حال ہے یہ منصوبہ بندی کی غلطیاں، بیڈ گورننس کی مثال اور حکومت کی مکمل ناکامی ہے، ان تمام غلطیوں سے کراچی کے عوام متاثر ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہم کراچی کے عوام کو اس صورت حال سے آگاہ کرنے کے لئے آواز بلند کر رہے ہیں تاہم اس کے پس پردہ کوئی سیاسی ایجنڈا نہیں، بلکہ خالصتاً شہریوں کے مسائل کا حل نکالنا اور شہر کی نا فتہ بہ صورتحال میں بہتری لانا ہے۔

میئر کراچی نے کہا کہ اگر کام کرنے کی نیت درست اور نظام خراب ہو تو پھر بھی نتائج حاصل نہیں ہو سکتے، چونکہ ہمارا نظام ہی خراب ہے، اس نظام میں رہتے ہوئے جتنی بھی کوشش کی جائے مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ مئیر کراچی نے کہا کہ بنیادی مسائل حل کرنے کے لئے بنیادی اداروں کو مضبوط کرنے کی ضرورت ہے، جب تک بلدیاتی ادارے مضبوط نہیں کئے جائیں گے بنیادی مسائل حل نہیں ہو سکتے۔ انہوں نے کہا کہ دنیا بھر میں میئر بااختیار ہوتے ہیں، ہمارے ملک میں میئر کو بے اختیار بنا دیا گیا، دراصل سیاسی جماعتیں چاہتی ہی نہیں کہ بلدیاتی نظام مضبوط ہو کیونکہ وہ اختیار اور وسائل اپنے پاس رکھنے چاتے ہیں۔ صادق ڈینیل نے اس موقع پر کہا کہ کراچی سیاحت اور بین الاقوامی سرمایہ کاری کا شہر ہے اس پر خصوصی توجہ ہونی چاہیئے، ہمیں یہ بہت خوبصورت شہر ملا تھا ہم اس کی خوبصورتی بھی بحال نہیں رکھ سکے، اب بھی اگر اس پر تھوڑی سی توجہ دی جائے تو کراچی خوبصورت شہر بن سکتا ہے۔


خبر کا کوڈ: 818735

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/818735/عوام-کو-معلوم-ہی-نہیں-ہورہا-کہ-کس-ادارے-کی-کیا-ذمہ-داری-ہے-میئر-کراچی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org