QR CodeQR Code

”سلیکٹیڈ“ کا لفظ ”ایکسپنج“ کرتے کرتے ”سلیکٹیڈ“ قاسم سوری ”ایکسپنج“ ہوگئے، حافظ حسین احمد

27 Sep 2019 23:12

کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی (ف) کے مرکزی ترجمان نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے ”مائنس ون“ ہونے سے ”مائنس آل“ کا دروازہ کھل چکا ہے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے مرکزی ترجمان حافظ حسین احمد نے کہا ہے کہ قومی اسمبلی میں”سلیکٹیڈ“ کا لفظ ”ایکسپنج“ کرتے کرتے ”سلیکٹیڈ“ ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری خود ”ایکسپنج“ ہوگئے، ڈیورنڈ لائن کے بارے عمران نیازی نے پاکستان کے مؤقف سے ہٹ کر بات کی ہے، اس طرح وہ مسلسل نت نئے انداز اپنا رہے ہیں، جو پاکستان کیلئے مزید مشکلات کا باعث بنیں گی۔ کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے حافظ حسین احمد نے کہا کہ ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی کے ”مائنس ون“ ہونے سے ”مائنس آل“ کا دروازہ کھل چکا ہے اور ستم ظریفی یہ کہ تحریک انصاف کی حکومت میں شامل ان کی حلیف جماعت کی انتخابی عذرداری کے فیصلے نے یہ ”لنکا“ ڈھایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ”نکے“ کے سرپر ”ابے“ کا سایہ نہ ہوتا تو 2002ء کی طرح عمران نیازی اکیلے ہی ایوان کی زینت بنتے۔ انہوں نے کہا کہ مشیر اطلاعات فردوس عاشق اعوان نے حقیقت پسندانہ بیان داغا ہے کہ تبدیلی کو زمین نے بھی قبول نہیں کیا اور کروٹ بدلی یعنی تبدیلی کے نام پر ظلم سے زمین بھی کانپی ہے، حالانکہ محترمہ خود ان چند سالوں میں کئی کروٹیں لے چکی ہیں۔
 


خبر کا کوڈ: 818743

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/818743/سلیکٹیڈ-کا-لفظ-ایکسپنج-کرتے-قاسم-سوری-ہوگئے-حافظ-حسین-احمد

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org