0
Saturday 28 Sep 2019 10:44

صدر آزادکشمیر کو کانگریشنل ایوارڈ دیا گیا

صدر آزادکشمیر کو کانگریشنل ایوارڈ دیا گیا
اسلام ٹائمز۔ صدر آزادکشمیر سردار مسعود خان کو امریکہ کے سرٹیفکیٹ آف سپیشل کانگریشنل ریکوگنیشن (Certificate of Special Congressional Recognition) سے نوازا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ امریکی کانگریس کے رکن تھامس سیوزی نے نیویارک کے کانگریس کے ایک حلقے کے رائے دہندگان کی جانب سے صدر آزادکشمیر کو دیا۔ امریکی کانگریس کے رکن نے نیویارک میں اپنی سفارتی ذمہ داریوں کے دوران اور بعد میں اپنا وقت اور صلاحیتیں نیویارک کی کشمیری کمیونٹی کے لئے وقف کرنے پر صدر سردار مسعود خان کا شکریہ بھی ادا کیا۔ صدر آزادکشمیر کو یہ ایوارڈ ممتاز پاکستانی نژاد امریکی شہری ڈاکٹر عابد شیخ کی رہائش گاہ پر عشائیہ کی ایک تقریب میں دیا کیا گیا۔ تقریب کا اہتمام ڈاکٹر عابد شیخ نے صدر سردار مسعود خان اور سینیٹر انوار الحق کاکڑ کی قیادت میں امریکہ کا دورہ کرنے والے بلوچستان ایک اعلٰی اختیاراتی وفد کے اعزاز میں کیا تھا۔ امریکی کانگریس کے رکن نے صدر سردار مسعود خان کو چیلنج کوائن سے بھی نوازا۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے صدر سردار مسعود خان نے امریکی کانگریس کے رکن اور نیویارک کے رائے دہندگان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ وہ نیویارک کے شہریوں اور رکن کانگریس کی طرف سے دیئے گے اس اعزاز کو ہمیشہ یاد رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس اعزاز کو جموں و کشمیر کے عوام کے حق خودارادیت کے مطالبہ کے لئے استعمال کریں گے، جو وہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کی روشنی میں مانگ رہے ہیں۔ یاد رہے امریکی کانگریس میں تھامس سیوزی پاکستان کاککس کے رکن بھی ہیں۔
خبر کا کوڈ : 818776
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش