0
Sunday 29 Sep 2019 09:41
اسلام آباد میں روزانہ 1600 افراد ڈینگی کا شکار ہو رہے ہیں

ڈینگی کے جان لیوا وار جاری، مریضوں کی تعداد 16 ہزار سے تجاوز کر گئی

صوبہ پنجاب 3,475 کیسز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے
ڈینگی کے جان لیوا وار جاری، مریضوں کی تعداد 16 ہزار سے تجاوز کر گئی
اسلام ٹائمز۔ ملک بھر میں ڈینگی مچھر کے جان لیوا وار جاری ہیں۔ ملک بھر میں سینکڑوں کی تعداد میں ڈینگی کے نئے کیسز سامنے آ گئے ہیں۔ میڈیا ذرائع کے مطابق ملک بھر میں ڈینگی وائرس کا شکار افراد کی تعداد 16 ہزار 11 ہو گئی ہے۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 690 افراد میں ڈینگی کی تصدیق ہوئی ہے۔ رواں  سال پورے ملک میں ڈینگی سے 29 افراد جاں بحق ہو چکے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ رواں سال گلگت بلتستان میں  ڈینگی کا کوئی کیس سامنے نہیں آیا ہے۔ وزارت صحت کے مطابق اسلام آباد میں 1,600 سے زائد مریض روزانہ ڈینگی کا شکار ہو رہے ہیں۔ وفاقی دارالحکومت میں رواں سال ڈینگی سے 7 اموات ہو چکی ہیں۔ ڈینگی کے تدارک کیلئے وزارت صحت میں ڈاکٹر ظفرمرزا کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ انہوں نے ہدایت کی کہ متاثرہ جگہوں پر سپرے کو یقینی بنایا جائے۔ کراچی میں ڈینگی کے 91  نئے کیسز سامنے آئے جبکہ سندھ  بھرمیں مریضوں کی تعداد 3 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ تھر پارکر میں 20 سالہ عمر ڈینگی وائرس کا شکار ہو گیا۔

ذرائع کے مطابق رواں سال سندھ میں ڈینگی کے 2,904 کیسز سامنے آئے ہیں۔ حکام کے مطابق رواں سال ڈینگی سے  صوبے بھر میں 11 اموات ہو چکی ہیں۔ پنجاب میں ڈینگی کے مزید 199 کیسز رپورٹ ہونے سے بعد مریضوں کی تعداد 3 ہزار 377 تک پہنچ گئی ہے۔ فیصل آباد میں ایک اور ڈینگی مریض دم توڑ گیا۔ فیصل آباد میں جاں بحق افراد کی تعداد 2 ہو گئی ہے۔ ڈینگی کے حوالے سے صوبہ پنجاب 3,475 کیسز کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ رواں سال پنجاب بھر میں ڈینگی مچھر سے 8 اموات ہو چکی ہیں۔ گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران راولپنڈی میں 148 اور لاہور میں 13 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہو گئی ہے۔ محکمہ صحت کے حکام کے مطابق بھاول وکٹوریہ اسپتال میں ڈینگی سے متاثرہ 4 نئے مریض داخل کیے گئے ہیں۔ ڈائریکٹر شعبہ حادثات بھاول وکٹوریہ ہسپتال بھاولپور ڈاکٹر عامر بخاری نے بتایا کہ اسپتال لائے گئے 3 سالا بچے سمیت 4 مریضوں میں وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ  شہر میں رواں ماہ ڈینگی مریضوں کی تعداد بڑھ کر 72 جبکہ رواں سال بھاولپور میں رپورٹ ہونے والے ڈینگی کے مریضوں کی تعداد 408 ہو چکی ہے۔

ڈاکٹر عامر کے مطابق بھاول وکٹوریہ ہسپتال کے ڈینگی وارڈ میں موجود متاثرہ مریضوں کی تعداد 14 ہے۔ ملتان میں  ڈینگی کے 20 نئے کیسز سامنے آگئے ہیں۔ ڈینگی مچھر کی افزائش پر قابو پانے کے لیےانتظامیہ نے ملتان میں ایئر کولر کے استعمال پر پابندی لگا دی ہے۔ شہر میں دفعہ 144 کے تحت ائر کولر کے استعمال پر پابندی  لگا دی گئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں مزید 114 افراد ڈینگی مچھر کا شکار ہوئے ہیں۔ حکام کے مطابق خیبر پختونخوا میں تین دنوں کے دوران مزید 25 افراد میں ڈینگی وائرس کی تصدیق ہوئی ہے۔ خیبر پختونخوا میں 114 نئے کیسز سامنے آنے کے بعد صوبے بھر میں ڈینگی مریضوں کی تعداد 3,549 ہو گئی ہے۔ میڈیا ذرائع کے مطابق پچھلے چوبیس گھنٹوں میں پشاور میں سب سے زیادہ 53 کیسسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق قبائلی اضلاع میں 312 ڈینگی کیسز سامنے آئے ہیں۔ محکمہ صحت کے حکام کے مطابق صوبے میں ڈینگی کے مریضوں کی تعداد میں مسلسل ٓضافہ ہورہا ہے۔ سرکاری اعدادو شمار کے مطابق بلوچستان میں 2,725 افراد ڈینگی کا شکار ہوئے ہیں جبکہ اب تک 3 مریض دم توڑ گئے ہیں۔ محکمہ صحت کے حکام کے مطابق ضلع کیچ، گوادر اور لسبیلہ سمیت دیگر شہروں میں ایمرجنسی نافذ کرکے خصوصی سیلز قائم کردیئے گئے ہیں۔ آزاد کشمیر میں ڈینگی سے متاثرہ افراد کی تعداد  373 ہوگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر میں ڈینگی کے کاٹنے کے واقعات میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے۔
خبر کا کوڈ : 818976
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش