1
Sunday 29 Sep 2019 11:30

حوثی مجاہدین کا ہزاروں کی تعداد میں سعودی فوجیوں کو پکڑنے کا دعویٰ

حوثی مجاہدین کا ہزاروں کی تعداد میں سعودی فوجیوں کو  پکڑنے کا دعویٰ
اسلام ٹائمز۔ یمن کے حوثی مجاہدین نے ہزاروں کی تعداد میں سعودی فوجیوں کو  پکڑنے کا دعویٰ کیا ہے۔ غیر ملکی میڈیا کے مطابق یمن کے حوثی مجاہدین کا دعویٰ ہے کہ انہوں نے سعودی قصبے نجران کے قریب بڑی کارروائی کرتے ہوئے سعودی فوجیوں کو حراست میں لیا، کارروائی کے دوران سعودی فوج کو بھاری جانی نقصان بھی ہوا۔ حوثی مجاہدین کے ترجمان کا کہنا ہے کہ ڈرون، میزائل اور فضائی دفاعی نظام کی مدد سے کیے جانے والے حملے میں دشمن فوج کی تین بریگیڈز کو تباہ کیا گیا۔ ترجمان نے مزید بتایا کہ گرفتار کیے گئے سعودی فوجیوں میں بڑی تعداد میں سعودی افسران بھی شامل ہیں جب کہ سعودی فوج کے زیر استعمال بکتر بند گاڑیوں کو بھی تحویل میں لے لیا گیا ہے۔ یمن کے حوثی مجاہدین کا کہنا ہے کہ گرفتار کیے گئے سعودی فوجیوں کو سعودی فضائی حملوں سے محفوظ رکھنے کے لیے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔

پاکستانی میڈیا کے مطابق سعودی حکام کی جانب سے تاحال حوثی مجاہدین کے دعوے کی تصدیق یا تردید نہیں کی گئی ہے۔ خیال رہے کہ حالیہ دنوں میں یمنی مجاہدین کی جانب سے سعودی عرب پر حملوں میں تیزی دیکھنے میں آئی ہے اور 14 ستمبر کو سعودی عرب کی سرکاری آئل ریفائنری پر ہونے والے حملے کی ذمہ داری بھی حوثی مجاہدین نے قبول کی تھی تاہم سعودی عرب اور امریکا نے ان حملوں کا الزام ایران پر عائد کیا تھا۔ سعودی وزیر مملکت برائے خارجہ امور عادل الجبیر نے  اپنے بیان میں کہا تھا کہ اگر ایران کے ملوث ہونے کی تصدیق ہو گئی تو سعودی عرب اس کے خلاف کارروائی کرے گا، جب کہ ایران نے خبردار کیا ہے کہ اگر سعودی عرب یا امریکا نے حملے کی کوشش کی تو پھر مکمل جنگ ہو گی۔

نصر من اللہ، نامی فوجی کاروائی کے حوالے سے یمنی مجاہدین نے اعلان کیا ہے کہ اللہ کی مدد سے یمنی فورسز یہ اعلان کرتی ہیں کہ نجران کے علاقے میں جیت اللہ کی طرف سے نامی ایک بہت بڑی اور اہم فوجی کاروائی کامیابی سے ہمکنار ہوئی، جو دشمن کی فوج کو گھیرنے کے حوالے سے اب تک کی بڑی کاروائی ہے، اب تک اس کاروائی کے نتیجے میں دشمن کی فوج کو بہت بڑے جانی اور مالی نقصان کا سامنا کرنا پڑا ہے۔ اس کاروائی میں تین فوجی بریگیڈز کو سرینڈر کرنا پڑا ہے، بیشتر فوجی کمانڈروں، عام فوجیوں اور اپنے تمام تر اسلحے سمیت گرفتار ہوئے۔ بڑی تعداد میں اسلحہ قبضے میں لیا گیا ہے، جن میں سیکنڑوں کی تعداد میں بکتر بند گاڑیوں کے علاوہ عام فوجی گاڑیاں شامل ہیں۔ ہزاروں کی تعداد میں دشمن کے فوجیوں کو اسیر بنایا گیا ہے، جن میں سے اکثر وطن سے خیانت کرنے والے اور کرایے کے قاتل ہیں۔

اسی طرح سینکڑوں کی تعداد میں دشمن کے فوجی مارے اور زخمی ہوئے ہیں۔ اسیر بنائے جانے والوں میں سے بڑی تعداد سعودی فوجی افسروں کی ہے۔ کاروائی شروع ہونے کے 72 گھنٹے کے بعد ہماری فورسز نے چاروں طرف سے دشمن کو مکمل گھیرے میں لیا، جو تین بریگیڈز پر مشتمل تھے، جن میں سے اپنے وطن سے خیانت کرنے والے، کرایے کے قاتل اور سعودی فوج کی مکمل یونٹ شامل ہے، ان تمام بریگیڈز کو مکمل طور پر توڑ کر ان کو برباد کر دیا گیا اور بچنے والوں کو اسیر بنایا گیا، اور سیکنڑوں مربع کلومیٹر کے علاقے کو آزاد کر لیا گیا۔ فوجی کمانڈروں کے احکامات پر عمل کرتے ہوئے تمام قیدیوں کے ساتھ انسانی سلوک روا رکھا گیا ہے، جو کہ ہمارے دینی اور یمن کے رسم و رواج کے ساتھ بھی ہم اہنگ ہے، فوجیوں کو اسیر بنانے کے بعد انہیں سعودی ائیر فورس کے فضائی حملوں سے بھی بچایا گیا، کیونکہ اسیر بنانے کے بعد سعودی فوج نے دسیوں فضائی حملے کئے۔
خبر کا کوڈ : 819000
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش