QR CodeQR Code

عالمی ایجنڈے کے تحت مدارس کیخلاف گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے، اشرف جلالی

29 Sep 2019 17:47

سنی اتحاد کونسل کے ملاقات کرنیوالے وفد سے گفتگو میں تحریک صراط مستقیم کے سربراہ کا کہنا تھا کہ تنظیم المدارس کا متحد، مضبوط اور مزید متحرک ہونا کروڑوں اہلسنت کی تمنا ہے۔ تنظیم المدارس، اہلسنت کے تمام علمی مراکز، تمام روحانی درگاہوں اور اہلسنت کی تمام تبلیغی، تعلیمی لٹریری، مذہبی، ملی اور سیاسی تمام تنظیمات کیلئے ایک چھتری کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس کا متحد اور غیر جانبدار رہنا از حد ضروری ہے۔


اسلام ٹائمز۔ تحریک صراط مستقیم کے بانی ڈاکٹر اشرف آصف جلالی سے تحریک لبیک یا رسول اللہ (ص) کے مرکزی سیکرٹریٹ مرکز صراط مستقیم تاج باغ لاہور میں مدارس اہلسنت ایکشن کمیٹی کے وفد نے ملاقات کی۔ وفد کی قیادت سنّی اتحاد کونسل کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کی جبکہ ایکشن کمیٹی کے دیگر قائدین پیر واجد علی شاہ گیلانی، مفتی محمد کریم خان، مفتی محمد حسیب قادری، محمد نواز کھرل و دیگر بھی موجود تھے۔ صاحبزادہ حامد رضا نے ڈاکٹر اشرف آصف جلالی سے اہلسنت کے ایک سٹیک ہولڈر ہونے کے لحاظ سے اور تنظیم المدارس اہلسنت پاکستان کی مجلس عاملہ کا رکن ہونے کے حوالے سے تنظیم المدارس اہلسنت کے مرکزی انتخابات کے حوالے سے اپنے تحفظات کا اظہار کیا۔ ملاقات تقریباً ایک گھنٹہ جاری رہی۔

ملاقات میں صاحبزادہ حامد رضا نے ڈاکٹر محمد اشرف آصف جلالی کو تنظیم المدارس اہلسنت کے موجودہ صدر مفتی محمد منیب الرحمٰن اور ناظم اعلیٰ صاحبزادہ عبد المصطفیٰ ہزاروی سے اپنے اختلافات کے بارے میں اپنے موقف کی تفصیلات سے آگاہ کیا اور یہ تقاضا کیا کہ آپ مدارس اہلسنت کی نمائندہ تنظیم کے حالیہ اختلافات کو ختم کروانے میں اپنا کردار ادا کریں۔ ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے مدارس اہلسنت ایکشن کمیٹی کے وفد کی مرکز صراط مستقیم آمد پر ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا میں تنظیم المدارس اہلسنت کی مرکزی مجلس عاملہ کا رکن تو ہوں مگر حالیہ اختلافات کے لحاظ سے تنظیم المدارس کے موجودہ قائدین کی طرف سے آپ حضرات کیساتھ حالیہ اختلافات کے لحاظ سے بندہ کو تفصیلات سے آگاہ نہیں کیا گیا۔ اس سلسلہ میں کوئی اگلا قدم فریق ثانی کا موقف سن کے ہی اٹھایا جا سکتا ہے۔

ڈاکٹر اشرف آصف جلالی نے اس موقع پر کہا کہ اہلسنت و جماعت کی تعمیر و ترقی میں مدارسِ دینیہ کا کردار ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتا ہے اور مدارسِ اہلسنت کی ترقی، تنظیم المدارس کی ترقی سے وابستہ ہے۔ چنانچہ تنظیم المدارس کا متحد، مضبوط اور مزید متحرک ہونا کروڑوں اہلسنت کی تمنا ہے۔ تنظیم المدارس، اہلسنت کے تمام علمی مراکز، تمام روحانی درگاہوں اور اہلسنت کی تمام تبلیغی، تعلیمی لٹریری، مذہبی، ملی اور سیاسی تمام تنظیمات کیلئے ایک چھتری کی حیثیت رکھتی ہے۔ اس کا متحد اور غیر جانبدار رہنا از حد ضروری ہے۔ ایک عالمی ایجنڈے کے تحت اس وقت مدارس دینیہ کے گرد گھیرا تنگ کیا جا رہا ہے، اس لحاظ سے تنظیم المدارس اہلسنت کا منظم اور فعّال کردار وقت کی اشد ضرورت ہے۔ تنظیم المدارس کی موجودہ قیادت نے اپنے فرض منصبی کے بر عکس اہلسنت میں پیش آنیوالے بعض اہم شرعی مسائل پر بار بار متوجہ کرنے کے باوجود چشم پوشی اختیار کیے رکھی۔ انہوں نے کہا کہ ہم غیر جانبدار نہیں رہیں گے بلکہ مسائل حل کرنے میں کردار ادا کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 819052

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/819052/عالمی-ایجنڈے-کے-تحت-مدارس-کیخلاف-گھیرا-تنگ-کیا-جا-رہا-ہے-اشرف-جلالی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org