QR CodeQR Code

حرمین شریفین کا دفاع مسلم ممالک پر مشتمل کمیٹی کے حوالے کیا جائے، نیاز نقوی

30 Sep 2019 20:59

میڈیا سے گفتگو میں وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر کا کہنا تھا کہ تباہ شدہ یمن کے حوثی قبائل کے اتحاد انصاراللہ کے ہاتھوں آرامکو کمپنی اور نجران میں بدترین شکست سے آل سعود کی دفاعی صلاحیت کی ناکامی پوری دنیا نے دیکھ لی ہے، جس سے عالَم اسلام کے دینی، ایمانی و روحانی مراکز حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے سعودی حکومت نے خود کو نااہل ثابت کر دیاہے۔


اسلام ٹائمز۔ وفاق المدار س الشیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ قاضی نیاز حسین نقوی نے مطالبہ کیا ہے کہ نہتے حوثی قبائل کے مقابلے کی سکت نہ رکھنے والے آل سعود، حرمین شریفین کی حفاظت کی صلاحیت نہیں رکھتے، اس لئے ایمانی مراکز کے انتظامات عالم اسلام کے ممالک پر مشتمل کمیٹی کے سپرد کئے جائیں۔ لاہور میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ تباہ شدہ یمن کے حوثی قبائل کے اتحاد انصاراللہ کے ہاتھوں آرامکو کمپنی اور نجران میں بدترین شکست سے آل سعود کی دفاعی صلاحیت کی ناکامی پوری دنیا نے دیکھ لی ہے، جس سے عالَم اسلام کے دینی، ایمانی و روحانی مراکز حرمین شریفین کی حفاظت کیلئے سعودی حکومت نے خود کو نااہل ثابت کر دیاہے۔

انہوں نے کہا کہ گریٹر اسرائیل کے نقشہ میں مکہ اور مدینہ بھی شامل ہیں۔ خدانخواستہ اسرائیل نے جسارت کی تو سعودی حکومت کی دفاعی صلاحیت سب کے سامنے ہے جوکہ کسی بھی قسم کے دفاع کیلئے قطعی ناکام و نااہل ہیں، جو ملک 42 ملکی فوجی اتحاد، بے پناہ اسلحہ، امریکی سرپرستی کے باوجود تباہ شدہ یمن کے کمزور گروہ حوثیوں کے ہاتھوں اپنے قیمتی اثاثوں کا دفاع نہیں کر سکا۔ انہوں نے کہا کہ  حوثی مجاہدین کا مقابلہ نہ کر سکنے والا اسرائیل جیسے بدترین مضبوط دشمن کا کیونکر مقابلہ کرے گا؟ لہٰذا عالَم اسلام کی عزت و عظمت کی بقاء اور حرمین شریفین کے دفاع کیلئے لازم ہے کہ مقامات ِ مقدسہ کی حفاظت اور نظم و نسق کیلئے مسلم ممالک پر مشتمل وسیع کمیٹی بنائی جائے تاکہ اسرائیل ایسی جرات ہی نہ کر سکے۔


خبر کا کوڈ: 819109

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/819109/حرمین-شریفین-کا-دفاع-مسلم-ممالک-پر-مشتمل-کمیٹی-کے-حوالے-کیا-جائے-نیاز-نقوی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org