QR CodeQR Code

مسئلہ کشمیر پر پورا پاکستان ایک ہے، شہباز شریف

30 Sep 2019 09:58

ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے پی ایم ایل نواز کے رہنما کا کہنا تھا کہ بھارتی فوج کا شہری آبادی کو نشانہ بنانا بزدلانہ اور انتہائی قابل مذمت ہے۔


اسلام ٹائمز۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر اور قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف شہباز شریف نے کہا ہے کہ کشمیر پر حکومت اور اپوزیشن چٹان کی طرح متحد ہیں، بھارتی فوج مقبوضہ کشمیر میں انسانیت کے خلاف جرائم چھپا نہیں سکتی۔ ایک بیان میں اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے کہا کہ عالمی استحکام میں پاکستان کا اہم کردار ہے، مقبوضہ کشمیر پر پورا پاکستان ایک ہے لہٰذا نریندر مودی کو غلط فہمی نہیں ہونی چاہیے۔ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ بھارتی ظلم کے خلاف کشمیریوں کی سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت جاری رکھیں گے، اقوام متحدہ کی امن کوششوں میں پاکستان کا سب سے بڑا حصہ ہے اور ہماری مسلح افواج نے دہشت گردی کے خلاف شجاعت کے لازوال باب رقم کیے۔ انہوں نے ایل او سی پر بھارتی فوج کی بلااشتعال فائرنگ کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی فوج کا شہری آبادی کو نشانہ بنانا بزدلانہ اور انتہائی قابل مذمت ہے۔ مسلم لیگ نواز کے صدر کا کہنا تھا کہ شہری آبادیوں کو نشانہ بنانا عالمی قوانین اور باہمی معاہدوں کی بھی خلاف ورزی ہے، اقوام متحدہ کا فوجی مبصر گروپ بھارتی بلااشتعال فائرنگ اور شہریوں کو نشانہ بنانے کا نوٹس لے۔ انہوں نے مزید کہا کہ معاشی تباہی کا سونامی لاکھوں افراد کو بیروزگار کر چکا، عمران نیازی کی قیادت میں ملکی معیشت ڈوب چکی ہے، کاروباری برادری کا اعتماد ختم ہو چکا۔


خبر کا کوڈ: 819122

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/819122/مسئلہ-کشمیر-پر-پورا-پاکستان-ایک-ہے-شہباز-شریف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org