QR CodeQR Code

ایران نے سعودی عرب کیجانب سے پیغام بھیجے جانے کی تصدیق کر دی

1 Oct 2019 13:00

عالمی خبررساں ایجنسی کے مطابق ایران کی حکومت کے ترجمان علی ربیعی نے تصدیق کی ہے کہ پیغامات مختلف رہنماؤں کے ذریعے بھجوائے گئے ہیں۔


اسلام ٹائمز۔ یمن کے حوثی مجاہدین کی طرف سے سعودی عرب کو جنگ بندی کی پیشکش کے بعد ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ سعودی عرب نے ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کو پیغامات بھیجے ہیں۔ یہ پیغامات مختلف عالمی رہنماؤں کے ذریعے بھیجے گئے ہیں۔ ریاض کی جانب سے تاحال اس ضمن میں کسی بھی قسم کا کوئی ردعمل سامنے نہیں آیا ہے۔ تہران کی جانب سے یہ دعویٰ ایک ایسے وقت میں کیا گیا ہے کہ جب دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی انتہائی عروج پہ دکھائی دے رہی ہے اور ارامکو پر ہونے والے میزائل و ڈرونز حملوں کے بعد تو صورتحال حد درجہ خراب ہوئی ہے۔ سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے گذشتہ روز اپنے ایک انٹرویو میں خبردار کیا تھا کہ اگر دنیا، ایران کو روکنے کے لئے متحد نہ ہوئی، تو تیل کی قیمتوں میں بے پناہ اضافہ ہو سکتا ہے۔ یہ انٹرویو ایک امریکی نشریاتی ادارے نے نشر کیا تھا۔ عالمی خبررساں ایجنسی کا کہنا ہے کہ ایران کی حکومت کے ترجمان علی ربیعی نے دعویٰ کیا ہے کہ ایران کے صدر ڈاکٹر حسن روحانی کو سعودی عرب کی جانب سے پیغامات بھیجے گئے ہیں جو موصول ہو گئے ہیں۔ انہوں نے تصدیق کی ہے کہ پیغامات مختلف رہنماؤں کے ذریعے بھجوائے گئے ہیں۔ خبررساں ادارے کے مطابق ترجمان نے کہا کہ اگر سعودی عرب اپنا رویہ تبدیل کرنا چاہتا ہے تو تہران اس اقدام کا خیرمقدم کرے گا، تاہم انہوں نے اس ضمن میں مزید تفصیلات فراہم نہیں کیں۔
 


خبر کا کوڈ: 819391

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/819391/ایران-نے-سعودی-عرب-کیجانب-سے-پیغام-بھیجے-جانے-کی-تصدیق-کر-دی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org