QR CodeQR Code

اگر لوگوں نے اپنی نسلوں کو مرنے سے بچانا ہے تو کے الیکٹرک کے خلاف آواز اٹھانی پڑے گی، مصطفیٰ کمال

1 Oct 2019 17:34

سندھ ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ایس پی نے کہا کہ انتظامیہ کچرا اٹھا نہیں رہی اور کچرا پھینکنے پر پابندی لگا رہی ہے، شہری کچرا باہر نہ پھینکیں تو کیا گھر میں رکھیں، کچرا اٹھانے کی ذمہ داری پوری نہ کرنیوالوں کو بھی گرفتار کیا جائے۔


اسلام ٹائمز۔ پاک سر زمین پارٹی کے چیئرمین اور سابق سٹی ناظم سید مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ اگر لوگوں نے اپنی نسلوں کو مرنے سے بچانا ہے تو کے الیکٹرک کے خلاف آواز اٹھانی پڑے گی۔ سندھ ہائی کورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سید مصطفیٰ کمال نے ایک بار پھر کے الیکٹرک کو کڑی تنقید کا نشانہ بنایا۔ انہوں نے کہا کہ کسی ملک میں ایسا نہیں ہوتا کہ دس منٹ کی بارش میں لوگ مر جائیں، اگر لوگوں نے اپنی نسلوں کو مرنے سے بچانا ہے تو کے الیکٹرک کے آواز اٹھانی پڑے گی، کراچی میں پہلے تو ہلاکتیں نہیں ہوئیں، اب کے الیکٹرک ایسا کیا کر رہی ہے۔ مصطفیٰ کمال نے وزیراعظم پاکستان عمران خان کی اقوام متحدہ میں کی گئی تقریر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ عوام اب لائحہ عمل کی منتظر ہے۔

سندھ حکومت پر بھی تنقید کرتے ہوئے چیئرمین پاک سرزمین نے کہا کہ انتظامیہ کچرا اٹھا نہیں رہی اور کچرا پھینکنے پر پابندی لگا رہی ہے، شہری کچرا باہر نہ پھینکیں تو کیا گھر میں رکھیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ کچرا اٹھانے کی ذمہ داری پوری نہ کرنیوالوں کو بھی گرفتار کیا جائے۔ اس سے قبل مصطفیٰ کمال کے خلاف سرکاری اراضی کی غیر قانونی الاٹمنٹ کیس میں وکیل صفائی نے مصطفی کمال پر لگائے گئے نیب کے الزامات کو غلط قرار دیتے ہوئے کہا کہ مصطفیٰ کمال سارے معاملے میں بالکل بینفشری بھی نہیں ہیں۔ جس پر عدالت نے 15 اکتوبر کو نیب پراسیکیوٹر سے دلائل طلب کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔


خبر کا کوڈ: 819468

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/819468/اگر-لوگوں-نے-اپنی-نسلوں-کو-مرنے-سے-بچانا-ہے-کے-الیکٹرک-خلاف-آواز-اٹھانی-پڑے-گی-مصطفی-کمال

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org