0
Wednesday 2 Oct 2019 13:23

مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ کےلیے کنٹینر خرید لیا

مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ کےلیے کنٹینر خرید لیا
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے آزادی مارچ کےلیے کنٹینر خرید لیا۔ کنٹینر تیار کرنے والے نوید کا کہنا تھا کہ بہترین کنٹینر آٹھ لاکھ روپے میں تیار کیا جاتا ہے جبکہ اس کا ماہانہ کرایہ 15 ہزار روپے وصول کیا جاتا ہے۔ انہوں نے بتایا کہ ایک کنٹینر میں چار کمرے، واش روم اور کچن  شامل ہوتے ہیں۔ نوید کا مزید کہنا تھا کہ کنٹینر کانفرنسز کے لیے بھی تیار کیے جاتے ہیں۔ مسلم لیگ نون کا وفد احسن اقبال کی قیادت میں مولانا فضل الرحمان سے آج دوپہر ملاقات کرے گا۔ ذرائع کے مطابق وفد پارٹی کی کور کمیٹی کے فیصلوں سے متعلق مولانا فضل الرحمان کو آگاہ کرے گا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ وفد جے یو آئی (ف) کے سربراہ کو دھرنا مؤخر کرنے پر قائل کرنے کی کوشش کرے گا، ن لیگ چاہتی ہے کہ اکتوبر میں آزادی مارچ شروع نہ کیا جائے۔ احسن اقبال کی قیادت میں مسلم لیگ ن کا وفد چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری سے ہونے والی ملاقات سے متعلق بھی انہیں آگاہ کرے گا۔ اس کے علاوہ ملاقات کے دوران کل جماعتی کانفرنس (اے پی سی) بلانے پر بھی مشاورت ہو گی۔ یاد رہے کہ مولانا فضل الرحمان نے اسلام آباد میں دھرنا دینے اور موجودہ حکومت کے خاتمے کا اعلان کیا ہوا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ موجودہ حکومت عوامی مینڈیٹ کے تحت نہیں آئی اس لیے یہ غیرقانونی ہے، اس کے خلاف جدوجہد کرنا سیاسی قوتوں کا حق ہے۔ جے یو آئی (ف) کے رہنما کا دعویٰ ہے کہ وہ اسلام آباد میں 15 لاکھ افراد کو لائیں گے اور حکومت کے خاتمے تک واپس نہیں جائیں گے۔
خبر کا کوڈ : 819612
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش