QR CodeQR Code

ٹرمپ نے مہاجرین پر گولیاں برسانے، اُن پر سانپ چھوڑنے اور انہیں کرنٹ لگانے کا مشورہ دیا، انکشاف

2 Oct 2019 17:02

نیویارک ٹائمز کے دو صحافیوں کی کتاب بارڈر وارز میں مزید انکشاف کیا گیا ہے کہ ٹرمپ نے اپنی انتظامیہ کو علیحدہ سے یہ تجویز دی کہ مہاجرین کو روکنے کے لئے ان کی ٹانگوں پر گولیاں ماریں مگر انتظامیہ نے صدر کی اس تجویز کو غیر قانونی قرار دیا۔


اسلام ٹائمز۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے حوالے سے انکشاف سامنے آیا ہے کہ انہوں نے سرحد پار کر کے امریکا آنے والے مہاجرین پر گولیاں برسانے، اُن پر سانپ چھوڑنے اور انہیں کرنٹ لگانے کا مشورہ دیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کےمطابق امریکی اخبار نیو یارک ٹائمز کے صحافیوں کی کتاب میں اس بات کا انکشاف کیا گیا ہے کہ امریکی صدر ٹرمپ نے میکسیکو سے سرحد پار کرکے امریکا آنے والے مہاجرین کو روکنے کے لئے انتہائی سخت اقدامات کی تجاویز دیں۔ رپورٹس کے مطابق صدر ٹرمپ نے سرحد پر کرنٹ والی عمارت، کیلوں والی دیوار، سانپ اور مگر مچھوں سے بھرے گڑھے کھودنے کی بھی تجاویز دیں۔ نیویارک ٹائمز کے دو صحافیوں کی کتاب بارڈر وارز میں مزید انکشاف کیا گیا ہےکہ ٹرمپ نے اپنی انتظامیہ کو علیحدہ سے یہ تجویز دی کہ سیکیورٹی اہلکار میکسیکو کی سرحد سے آنے والے مہاجرین کو روکنے کے لیے ان کی ٹانگوں پر گولیاں ماریں مگر انتظامیہ نے صدر کی اس تجویز کو غیر قانونی قرار دیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق وائٹ ہاؤس کی جانب سے اس رپورٹ پر کوئی ردعمل نہیں دیا گیا۔ واضح رہے کہ میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر امریکی ٹرمپ کی ترجیحات میں شامل ہے اور میکسیکو کی سرحد پر دیوار کی تعمیر کا آغاز ہوچکا ہے جس کے لیے امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون نے 3.6 ارب ڈالر کا بجٹ مختص کیا ہے۔ اس سے قبل بھی امریکی صدر نے اپنے ایک بیان میں سرحد پار کرنے والے مہاجرین کو گولی مارنے کا بیان دیا تھا۔


خبر کا کوڈ: 819671

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/819671/ٹرمپ-نے-مہاجرین-پر-گولیاں-برسانے-ا-ن-سانپ-چھوڑنے-اور-انہیں-کرنٹ-لگانے-کا-مشورہ-دیا-انکشاف

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org