0
Wednesday 2 Oct 2019 18:00

سندھ میں انتظامی یونٹ بنائے جارہے ہیں، ایم کیو ایم کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، سعید غنی

سندھ میں انتظامی یونٹ بنائے جارہے ہیں، ایم کیو ایم کی سازش کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے، سعید غنی
اسلام ٹائمز۔ وزیر اطلاعات و محنت سندھ سعید غنی نے کہا ہے کہ  سندھ میں انتظامی یونٹ بنائے جارہے ہیں، ہم صوبے کو تقسیم ہونے نہیں دیں گے، ایم کیو ایم سندھ کی صوبائی حدود میں تبدیلی کی خواہشمند ہے، یہ ممکن نہیں کہ صوبائی اسمبلی کی مرضی کے بغیر ایسا کیا جائے، ایم کیو ایم کی اس سازش میں تحریک انصاف اور دیگر وفاقی حکومت میں شامل جماعتوں نے اس کی مخالفت نہیں کی بلکہ اس بل کو کمیٹی کے سپرد کرکے ثابت کیا ہے کہ وہ بھی اس سازش کا حصہ ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے سندھ اسمبلی کے میڈیا کارنر پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر صوبائی وزیر مرتضیٰ بلوچ بھی ان کے ہمراہ موجود تھے۔ سعید غنی نے مزید کہا کہ ایم کیو ایم آج بھی الطاف حسین سے علیحدگی کے بعد بھی اس کے نظریات پر قائم ہے، صرف الطاف حسین سے لاتعلقی کے اعلان سے کام نہیں بنے گا۔ انہوں نے کہا کہ یہ ایم کیو ایم کا طریقہ کار ہے کہ وہ پہلے سازش کرتے ہیں، پھر کہتے ہیں سندھ ہماری ماں ہے، ایم کیو ایم نے آئین سے آرٹیکل 239 کی شق 4 کو نکالنے کا بل قومی اسمبلی میں جمع کروایا ہے، اس نے سندھ اسمبلی میں اپنے مذموم مقاصد میں ناکامی کے بعد قومی اسمبلی میں یہ کوشش کی ہے اور پی ٹی آئی و دیگر جماعتوں نے اس ترمیم کی مخالفت نہیں کی، اب یہ ترمیم سندھ حکومت کو بھیجی گئی ہے، جس پر سندھ کی صوبائی کابینہ نے اعتراض اور شدید برہمی کا اظہار کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے رکن کو ترمیم کا حق حاصل ہے لیکن پی ٹی آئی نے ان کی حمایت کیوں کی اور اتحادی بھی خاموش رہے، یہ ترمیم صوبائی اسمبلی کا اختیار چھیننے کی سازش ہے، ایم کیو ایم گھناؤنا کھیل رہی ہے اور ملک کے خلاف سازش میں مصروف ہے، یہ سازش سندھ کے لئے نہیں بلکہ ملک کے دیگر چھوٹے صوبوں کیلئے بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ترمیم سے ملک میں بحران پیدا ہوگا اور چھوٹے صوبوں کی عوام میں احساس محرومی بڑھے گا۔ سعید غنی نے کہا کہ سندھ ایک ہے اور ایک ہی رہے گا اور سندھ کا ایک ایک آدمی نہ صرف اسے مسترد کریگا بلکہ اس کے خلاف لڑے گا اور مرے گا، لیکن یہ سازش کامیاب نہیں ہونے دی جائے گی۔ ایک سوال کے جواب میں وزیر اطلاعات سعید غنی نے کہا کہ ایم کیو ایم سندھ کو اپنی ماں سمجھتی ہے تو اس کی تقسیم کی کیوں بات کرتی ہے، ایم کیو ایم کا یہ وطیرہ رہا ہے کہ لڑاؤ اور حکومت کرو، مشرف دور سے لیکر اب تک ان کی سندھ کو تقسیم کرنے کی خواہش اپنی موت آپ مرجائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کے پارلیمانی امور کا وزیر اس سازش کا حامی کیسے بنا اور وزیر نے یہ ترمیم کمیٹی کے سپرد کیوں کی۔ انہوں نے کہا کہ میرا سوال ان جماعتوں سے بھی ہے جو سندھ کی تقسیم کی مخالفت کرتے ہیں، لیکن وہ اس سازش پر خاموش کیوں ہیں۔
خبر کا کوڈ : 819681
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش