0
Wednesday 2 Oct 2019 18:58

عوام کی چیخیں نکالنے کی پیشگوئی سو فیصد سچ ثابت ہو رہی ہے، کاشف شیخ

عوام کی چیخیں نکالنے کی پیشگوئی سو فیصد سچ ثابت ہو رہی ہے، کاشف شیخ
اسلام ٹائمز۔ جماعت اسلامی سندھ کے جنرل سیکرٹری کاشف سعید شیخ نے 24 گھنٹوں میں نیپرا کی جانب سے بجلی کی قیمتوں میں دو بار اضافے اور اوگرا کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی سفارش کو رد کرنے کی مذمت کرتے ہوئے اسے عوام کے ساتھ سراسر ظلم قرار دیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں کاشف شیخ نے کہا کہ نیپرا کی سفارش پر یکم اکتوبر کو 53 پیسے اور دو اکتوبر کو 1 روپے 66 پیسے اضافے سے عوام پر 22 ارب 60 کروڑ کا بوجھ تبدیلی سرکار کے دعوؤں کے برعکس مہنگائی کی سونامی میں غرق عوام کو زندہ درگور کرنے کے برابر ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے 14 ماہ کے دور میں ہر ماہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں عالمی مارکیٹ میں قمیتوں میں اضافے کا بہانہ کرکے ہوشربا اضافہ کیا جاتا رہا، مگر جب عالمی مارکیٹ میں اس وقت تیل کی قیمتوں میں کمی ہوئی ہے اور اوگرا نے تیل کی قیمتوں میں کمی کی سفارش کی، تب حکومت نے عوام کو معمولی ریلیف دینا بھی گوارا نہیں کیا، جبکہ نیپرا کی فرمائش پر 24 گھنٹوں میں بجلی کی قیمتوں میں دو روپے سے زائد کا اضافہ کرکے عوام پر بجلی گرا دی گئی ہے۔

کاشف شیخ نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کے دور میں اشیائے خوردونوش، بجلی، گیس، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں نے ماﺅنٹ ایورسٹ کو بھی کراس کرلیا ہے، چالیس سے پچاس روپے فی کلو سبزیاں آج 150، جبکہ پیاز بھی 90 روپے کلو ہوگئی ہے، عوام کی چیخیں نکالنے کی پیشگوئی سو فیصد سچ ثابت ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے نور عالم جیسے ایم این اے کی حکومت پر تنقید عمران حکومت کیلئے تنبیہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ اچھی تقریروں سے نہ قوموں کو غلامی سے آزادی، بچوں کے اسکولوں کی فیس، اسپتالوں میں ادویات، تھانوں میں پولیس کلچر میں بہتری اور نہ ہی مہنگائی میں کمی آئے گی، اسلام آباد کے ٹھنڈے ایوانوں میں بیٹھ کر اپنی بدترین کارکردگی کا ذمہ دار اپوزیشن کو قرار دینے سے مسائل حل نہیں ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ سود پر مبنی معاشی پالیسیوں کا خاتمہ، عالمی مالیاتی اداروں کی فرمائش پر عوام پر مہنگائی کے کوڑے برسانے کی مشق کو ختم کیا جائے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر اوگرا کی سفارش پر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی اور بجلی کی قیمت میں حالیہ اضافہ واپس لیکر عوام کو ریلیف دیا جائے۔
خبر کا کوڈ : 819725
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش