0
Thursday 3 Oct 2019 08:17

پاکستان، امریکا اور طالبان مذاکرات بحال کرنے کیلئے کوشاں

پاکستان، امریکا اور طالبان مذاکرات بحال کرنے کیلئے کوشاں
اسلام ٹائمز۔ افغانستان میں تقریباً 2 دہائیوں سے جاری تنازع کو سیاسی طور پر حل کرنے کی ازسر نو کوشش کے تحت پاکستان نے امریکا اور طالبان کے درمیان مذاکرات بحال کرنے کے لیے ان کے نمائندوں کی میزبانی کی۔ مختلف ذرائع سے ملنے والی معلومات کے مطابق قطر کے دارالحکومت دوحہ میں موجود طالبان کے سیاسی دفتر کے چیف ملا عبدالغنی کی سربراہی میں طالبان وفد حکومت پاکستان کی دعوت پر اسلام آباد پہنچا جبکہ امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد ایک روز پہلے اس سلسلے میں پاکستان پہنچے تھے۔ ذرائع کے مطابق دفتر خارجہ نے ایک بیان میں طالبان کے سیاسی دھڑے کے دورے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ ’یہ طالبان امریکا امن مذاکرات کے تحت اب تک ہونے والے پیش رفت پر نظرثانی کرنے اور افغان مفاہمتی عمل کو بحال کرنے کے کا موقع ہے‘۔ خیال رہے کہ دونوں وفود آئندہ کچھ روز تک اسلام آباد میں رہیں گے، اس دوران علیحدہ علیحدہ پاکستانی رہنماؤں سے ملاقاتیں کریں گے اور مذاکرات کی بحالی پر سمجھوتہ ہونے کی صورت میں آپس میں بھی ملاقات کر سکتے ہیں۔

اس سلسلے میں طالبان کے ترجمان سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ ‘اگر زلمے خلیل زاد یہاں موجود ہیں اور ملنا چاہتے ہیں تو ہم بھی اس کے لیے تیار ہیں‘۔ امریکا کے ساتھ ہونے والے ممکنہ سمجھوتے میں طالبان کے موقف کے حوالے سے سہیل شاہین کا کہنا تھا کہ ’اس میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی، ہم وہیں ہیں جہاں تھے، جہاں تک ہمارے تحفظات کی بات ہے ہم سمجھتے ہیں کہ ڈرافٹ ہونے والے سمجھوتے میں ہمارے تمام تر تحفظات کا خیال رکھا گیا ہے جس میں غیر ملکی افواج کو انخلا کی صورت میں محفوظ راستہ فراہم کرنے کے ساتھ اس بات کی یقین دہانی شامل ہے کہ افغانستان کی سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال نہیں ہو گی۔

تاہم دورے کے بارے میں دفتر خارجہ سے جاری ہونے والے بیان میں محص یہ کہا گیا کہ دونوں وفود وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کا انتظام کیا جا رہا ہے۔ اس سلسلے میں ایک سینئر سفارتی تجزیہ کار کا کہنا تھا کہ امریکی نمائندوں اور طالبان وفد کا دورہ دونوں فریقین کے مابین مذاکرات کی بحالی کا پیش خیمہ ہے۔ اسی حوالے سے ایک اور سفارتی ذرائع کا کہنا تھا کہ طالبان امریکا کے ساتھ مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کے خواہشمند ہیں تاہم امریکا افغانستان میں جنگ بندی اور افغان حکومت کی شمولیت کی شرائط پر مذاکرات بحال کرنا چاہتا ہے۔
خبر کا کوڈ : 819779
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ہماری پیشکش