0
Thursday 3 Oct 2019 10:58

افغان طالبان کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات

افغان طالبان کی شاہ محمود قریشی سے ملاقات
اسلام ٹائمز۔ دوحہ میں افغان طالبان کے سیاسی دفتر کے وفد نے ملا عبدالغنی برادر کی قیادت میں وزارت خارجہ پاکستان میں شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی ہے۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے وفد کو وزارت خارجہ میں خوش آمدید کہا، پاکستانی وفد کی قیادت وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی جبکہ افغان طالبان کے 12 رکنی وفد کی قیادت ملا عبدالغنی برادر نے کی۔ دوران ملاقات خطے کی صورت حال، افغان امن عمل، باہمی دلچسپی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ اس موقع پر وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاک افغان برادرانہ تعلقات، مذہبی ثقافتی اور تاریخی بنیادوں پر استوار ہیں، افغانستان میں عدم استحکام کا خمیازہ پاکستان اور افغانستان یکساں بھگت رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان صدق دل سے سمجھتا ہے کہ جنگ کسی مسئلے کا حل نہیں، افغانستان میں قیام امن کے لیے مذاکرات ہی مثبت اور واحد راستہ ہیں۔

شاہ محمود قریشی نے کہا کہ خوشی ہے کہ آج دنیا افغانستان پر ہمارے مؤقف کی تائید کر رہی ہے، پاکستان خوش دلی سے لاکھوں افغان مہاجرین کی میزبانی کرتا آ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان نے افغان امن عمل میں نہایت ایمانداری سے مصالحانہ کردار ادا کیا ہے، پرامن افغانستان پورے خطے کے امن و استحکام کے لیے ضروری ہے۔ وزیر خارجہ نے یہ بھی کہا کہ ہماری خواہش ہے کہ فریقین مذاکرات کی جلد بحالی کی طرف راغب ہوں۔

افغان طالبان کے وفد نے افغان امن عمل میں پاکستان کے مصالحانہ کردار کی تعریف کی، اس موقع پر فریقین میں مذاکرات کی جلد بحالی کی ضرورت پر اتفاق بھی ہوا۔ دفتر خارجہ آمد کے موقع پر طالبان کے ترجمان سہیل شاہین نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ طالبان وفد افغانستان میں امن عمل کے بارے میں پاکستان سے مذاکرات کر رہا ہے۔ انہوں نے یہ بھی کہا کہ ہمارے ایجنڈے پر افغان مہاجرین کے مسائل اور پاکستان میں موجود افغان تاجر برادری کے مسائل بھی شامل ہیں۔ واضح رہے کہ یہ مذاکرات ایسے وقت پر ہو رہے ہیں جب امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد بھی اسلام آباد میں موجود ہیں۔
خبر کا کوڈ : 819819
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

منتخب
ٹوٹا دل
17 Sep 2021
ہماری پیشکش