0
Thursday 3 Oct 2019 13:01

حکومت قیام امن میں ناکا م ہوچکی ہے، مولانا عبدالواسع

حکومت قیام امن میں ناکا م ہوچکی ہے، مولانا عبدالواسع
اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کے صوبائی امیر مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ بلوچستان میں امن و امان کی صورتحال گھمبیر ہوتی جارہی ہے، صوبائی حکومت بد امنی کو کنٹرول کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔ چمن، لورالائی اور مسلم باغ میں مسلسل واقعات رونما ہورہے ہیں، لیکن حکومت نے اب تک اس حوالے سے عملی اقدامات نہیں اٹھائے، اگر حکومت نے جمعیت علماء اسلام کے ڈپٹی مرکزی جنرل سیکرٹری مولانا محمد حنیف کے قاتلوں سمیت لورالائی اور مسلم باغ میں ہونیوالے واقعات میں ملوث ملزمان کے خلاف کارروائی نہیں کی، تو جمعیت علماء اسلام جلد احتجاجی تحریک شروع کرینگے، وفاقی حکومت کے خلاف آزادی مارچ ہرصورت میں ہوگا، ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے رہائشگاہ پر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔

مولانا عبدالواسع نے کہا ہے کہ جمعیت علماء اسلام نے اس وقت خدشات کا اظہار کیا جب 2018ء میں انتخابات ہوئے تو جمعیت علماء اسلام سمیت دیگر اپوزیشن جماعتوں نے انتخابات میں ہونے والی دھاندلی پر تحفظات کا اظہار کیا کہ ملک اور خاص کر بلوچستان میں انتخابات میں شفافیت نظر نہیں آرہی۔ حلقہ این این 265 سے ثابت ہوگیا کہ جب کوئٹہ میں بڑے پیمانے پر انتخابات میں دھاندلی ہو سکتی ہے تو بلوچستان کے دور دراز علاقوں میں ضرور ہوگی، اب ہمارے خدشات سچ ثابت ہوئے وزیراعظم نے جب عوام کے ساتھ وعدہ کیاتھا اگر ایک حلقے میں بھی دھاندلی ثابت ہوئی تو ہم اقتدار چھوڑ دیں گے مگر دھاندلی ثابت ہونے کے باوجود اب عمران خان کو اقتدار میں رہنے کا کوئی حق نہیں ہے۔

انہوں نے کہاکہ بلوچستان میں جس طرح سلیکٹڈ حکومت کو عوام پر مسلط کیا ہے اب واضح ہوگیا کہ وہ ترقیاتی عمل شروع کرنا تو دور کی بات امن و امان کو بھی کنٹرول نہیں کیا جا سکتا، آئے روز ٹارگٹ کلنگ اور دہشتگردی کے واقعات رونما ہو رہے ہیں، مگر بدقسمتی سے ملزمان کو گرفتار نہیں کیا جاتا، پانچ دن گزرنے کے باوجود جمعیت علماء اسلام کے رہنماء مولوی محمد حنیف شہید کے قاتلوں کو اب تک گرفتار نہیں کیا گیا۔ حکومت واقعے میں ملوث ملزمان کو فوری طور پر گرفتار کرے، اگر حکومت نے سست روی کا مظاہرہ کیا، تو جمعیت علماء اسلام جلد احتجاج کرنے پر مجبور ہونگے۔ انہوں نے کہا کہ لورالائی اور مسلم باغ میں ہونے والے واقعات میں پولیس اور لیویز اہلکار نشانہ بنے ہیں، حکومت اپنی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں ناکام ہو چکی ہے۔
خبر کا کوڈ : 819898
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش