0
Friday 4 Oct 2019 10:18

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ آج ایل او سی کی جانب مارچ کرے گی

جموں کشمیر لبریشن فرنٹ آج ایل او سی کی جانب مارچ کرے گی
اسلام ٹائمز۔ بھارت کی قید میں موجود حریت پسند کشمیری رہنما یٰسین ملک کی سربراہی میں قائم تنظیم جموں کشمیر لبریشن فرنٹ (جے کے ایل ایف) آج لائن آف کنٹرول کی جانب پرامن آزادی مارچ کرے گی۔ جے کے ایل ایف کے مرکزی ترجمان رفیق ڈار نے انتظامیہ کو جموں کشمیر لبریشن فرنٹ کے پرچم اور مختلف نعروں پر مبنی بینرز ہٹانے سے خبردار کیا۔ اس حوالے سے ایک پریس ریلیز میں رفیق ڈار نے کہا کہ مارچ کا آغاز جمعہ کی صبح 10 بجے آزاد جموں و کشمیر (اے جے کے ) کے جنوبی ضلع بھمبیر سے شروع ہو گا جس میں مظفرآباد اس کی پہلی اور سری نگر اس کی آخری منزل ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ پرامن آزادی مارچ میں مظفرآباد تک جانے والے راستے پر تمام علاقوں سے لوگ شامل ہوں گے، انہوں نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان، پاکستان کے تمام صوبوں اور دنیا بھر کے مختلف حصوں کے لوگ بھی اس مارچ میں حصہ لیں گے۔ جے کے ایل ایف کے ترجمان نے کہا کہ ریلی اور دیگر جلوس جمعہ کی شام کو مظفرآباد پہنچنے کا امکان ہے لہٰذا پارٹی نے اگلے صبح تک وہیں قیام کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

انہوں نے کہا کہ مارچ کل (ہفتے کو ) لائن آف کنٹرول پر واقع چھکوٹھی سیکٹر کی طرف اپنے سفر کا آغاز کرے گا۔ رفیق ڈار نے کہا کہ ’ہماری اصل منزل سری نگر ہے اور میں امید کرتا ہوں کہ ہماری جانب موجود قانون نافذ کرنے والے ادارے پُرامن مارچ میں رکاوٹ پیدا نہیں کریں گے'۔ جے کے ایل ایف کے ترجمان نے کہا کہ مارچ کا پہلا مقصد مقبوضہ کشمیر کے عوام سے اظہار یکجہتی کرنا ہے جنہیں گزشتتہ 2 ماہ سے 10 لاکھ سے زائد بھارتی فوجیوں نے یرغمال بنایا ہوا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’دوسرا مقصد بھارتی حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر پر قبضے اور مظالم کی مذمت کرنا ہے اور تیسرا اور اہم ترین مقصد عالمی برادری سمیت اقوام متحدہ کی توجہ طویل عرصے سے موجود مسئلہ کشمیر کے فوری، مستقل اور منصف حل کی جانب مرکوز کروانا ہے‘۔
خبر کا کوڈ : 820037
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش