0
Friday 4 Oct 2019 20:37

فیصل آباد، ایک ہفتے میں ایک ہی مدرسے کے تین طلباء اغوا

فیصل آباد، ایک ہفتے میں ایک ہی مدرسے کے تین طلباء اغوا
اسلام ٹائمز۔ پنجاب کے صنعتی شہر فیصل آباد سے مدرسے کے نوعمر طلبا کے اغوا کا سلسلہ رک نہیں سکا ہے اور گزشتہ ایک ہفتے کے دوران صرف ایک مدرسے کے تین طلبا کو نامعلوم ملزمان نے اغوا کرلیا ہے۔ افسوسناک امر ہے کہ پولیس تین مختلف تھانوں کی حدود سے تعلق رکھنے والے طلبا کی بازیابی میں تاحال ناکام ثابت ہوئی ہے، جس سے شہریوں میں سخت تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے۔ تفصیلات کے مطابق تھانہ پیپلزکالونی میں 16 سالہ مزمل کے اہل خانہ نے رپورٹ درج کرائی ہے کہ ان کا بھانجا گھر سے مدرسے گیا تھا، جہاں سے انہیں دو دن بعد بتایا گیا کہ بچہ مدرسے نہیں پہنچا ہے۔ مبینہ طور پر مغوی مزمل کے ماموں جاوید کا کہنا ہے کہ بچے کے نہ پہنچنے کی اطلاع مدرسے والوں نے دو دن بعد دی، تو انہوں نے تھانے میں رپورٹ درج کرادی ہے۔ مدرسے کے تین بچے گزشتہ سات دنوں میں اغوا ہوئے ہیں، جن کے مقدمات رضا آباد، گلبرگ اور پیپلزکالونی کے تھانوں میں درج کیے گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق تین تھانوں میں بچوں کے اغوا کے مقدمات درج ہیں، لیکن کسی ایک تھانے کی پولیس بھی بچوں کی بازیابی میں کامیاب نہیں ہوسکی ہے، جس کی وجہ سے شہریوں میں خوف و ہراس پایا جاتا ہے۔ قصور کے علاقے چونیاں سے بھی گزشتہ دنوں چار بچے اغوا ہوئے تھے، جن کی تلاش میں پولیس یکسر ناکام ثابت ہوئی تھی۔ علاقے سے جب بچوں کی نعشیں برآمد ہوئیں اور ذرائع ابلاغ و سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پرشور مچا، تو اس کے بعد حکومت و پولیس حرکت میں آئی اور چند دنوں کے دوران معصوم و کمسن بچوں کے قاتل کو پکڑنے کا دعویٰ کیا گیا ہے۔
خبر کا کوڈ : 820131
رائے ارسال کرنا
آپ کا نام

آپکا ایمیل ایڈریس
آپکی رائے

ہماری پیشکش