QR CodeQR Code

20 سال میں پاکستان سے سالانہ 6 ارب ڈالر بیرون ملک گئے، شبر زیدی

5 Oct 2019 09:16

اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں شبر زیدی کا کہنا تھا کہ لوگوں نے بیرون ملک محفوظ ٹھکانے بنائے، پاکستان میں اب لوگ منی لانڈرنگ، اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی پر بات کر رہے ہیں، لیکن ماضی میں اس موضوع پر بات نہیں کی جاتی تھی۔


اسلام ٹائمز۔ فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے چیئرمین شبر زیدی نے اعتراف کیا ہے کہ بیرون ملک بھیجی گئی رقم واپس پاکستان نہیں لائی جاسکتی۔ اسلام آباد میں تقریب سے خطاب میں شبر زیدی کا کہنا تھا کہ پاکستان سے ماضی میں پیسہ باہر گیا، لوگوں نے بیرون ملک محفوظ ٹھکانے بنائے، گزشتہ 20 سال میں پاکستان سے سالانہ 6 ارب ڈالر بیرون ملک گئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں اب لوگ منی لانڈرنگ، اسمگلنگ اور حوالہ ہنڈی پر بات کر رہے ہیں، لیکن ماضی میں اس موضوع پر بات نہیں کی جاتی تھی، دنیا میں ایسے نظام بنائے گئے کہ بیرون ملک پیسہ پارک کیا جا سکے۔ چیئرمین ایف بی آر نے اعتراف کیا کہ بیرون ملک بھیجی گئی رقم واپس پاکستان نہیں لائی جاسکتی۔

انکا کہنا تھا کہ بیرون ملک بھیجے گئے سرمائے کو واپس پاکستان لانے کا کوئی طریقہ نہیں ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی اب بھی اپنا سرمایہ بیرون ملک بھیج رہے ہیں جس میں کرپشن کا پیسہ 15 سے 20 فیصد ہے، پاکستانی معیشت کو ٹھیک کرنے کیلئے کاروباری افراد کا اعتماد بحال کرنا ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ مالدار افراد نے اپنے گھر بیرون ملک بنائے ہوئے ہیں، ان کے بچے بیرون ملک تعلیم حاصل کرتے ہیں۔ خیال رہے کہ وزیراعظم عمران خان منصب سنبھالنے سے قبل اور بعد میں بھی اپنی تقریروں میں کہتے رہے ہیں کہ وہ بیرون ملک بھیجی گئی لوٹی ہوئی رقم پاکستان واپس لائیں گے۔  وزیراعظم 2008ء سے 2018ء تک ملک پر چڑھنے والے قرضوں کے حوالے سے انکوائری کمیشن بھی بناچکے ہیں۔


خبر کا کوڈ: 820169

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/820169/20-سال-میں-پاکستان-سے-سالانہ-6-ارب-ڈالر-بیرون-ملک-گئے-شبر-زیدی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org