QR CodeQR Code

ہماری جنگ حکومت کے خاتمے پر ہی ختم ہوگی

اداروں سے کہنا چاہتا ہوں ناجائز حکومت کی پشت پناہی کرنا بند کریں، مولانا فضل الرحمان

5 Oct 2019 11:58

پشاور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جے یو آئی کے امیر کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت معاشی لحاظ سے ڈوب رہا ہے، روزگار کے مواقع ختم ہو رہے ہیں، اس جعلی کشتی کے تباہ ہونے کا وقت آگیا ہے، ہم 27 اکتوبر سے آزادی مارچ کا آغاز کریں گے جو جاری رہے گا، اسلام آباد پہلا پڑاؤ ہے جس کے بعد پلان بی اور سی بھی دینگے، اپنی حکمت عملی تبدیل کرتے رہیں گے۔


اسلام ٹائمز۔ جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ یہ جنگ حکومت کے خاتمے پر ہی ختم ہوگی جس کا میدان پورا ملک ہوگا۔ جمعیت علماء اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے پشاور میں پارٹی کے صوبائی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ ہماری جنگ حکومت کے خاتمے پر ہی ختم ہوگی اور پورا ملک جنگ کا میدان ہوگا، اداروں سے کہنا چاہتا ہوں ناجائز حکومت کی پشت پناہی کرنا بند کریں، ہم پالیسی بیان دے چکے ہیں اداروں سے ہمارا کوئی تصادم نہیں ہے، حکومت اقتدار چھوڑ دے اور نئے انتخابات کرائے جائیں۔ مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ مدارس میں انعامات تقسیم کرکے عمران خان کو کوئی پذیرائی نہیں ملے گی، جن کے دھرنوں میں شیر خوار بچوں کو لایا گیا وہ مدارس کے بچوں کی بات کرتے ہیں، حکومت کا مدارس والا کارڈ فیل ہو چکا اور ہمارے مدارس حکومت کا اثر نہیں لے رہے، مدرسوں کا معاملہ اٹھا کر حکومت بین الاقوامی حمایت لینا چاہتی ہے، مدارس کے طلبہ میں انعامات تقسیم کرکے ہمیں کاؤنٹر کرنے کی کوشش کی، احتجاج میں مدارس کے طلبہ کی تعداد بہت کم ہوتی ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ملک اس وقت معاشی لحاظ سے ڈوب رہا ہے، روزگار کے مواقع ختم ہو رہے ہیں، اس جعلی کشتی کے تباہ ہونے کا وقت آگیا ہے، ہم 27 اکتوبر سے آزادی مارچ کا آغاز کریں گے جو جاری رہے گا، اسلام آباد پہلا پڑاؤ ہے جس کے بعد پلان بی اور سی بھی دینگے، اپنی حکمت عملی تبدیل کرتے رہیں گے۔ جے یو آئی کے سربراہ نے مزید کہا کہ یہ ناجائز اور نااہل حکومت ہے جسے اب جانا ہوگا، ہم اپوزیشن پارٹیوں کو اس جنگ میں شامل دیکھنا چاہتے ہیں، جب میدان میں اتریں گے تو گرفتاریوں کی پرواہ نہیں ہوگی، لیکن گرفتاریوں سے مزید اشتعال پیدا ہوگا، کیونکہ قیادت جیل میں ہوگی تو کارکن کو کون کنٹرول کریگا۔


خبر کا کوڈ: 820223

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/820223/اداروں-سے-کہنا-چاہتا-ہوں-ناجائز-حکومت-کی-پشت-پناہی-کرنا-بند-کریں-مولانا-فضل-الرحمان

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org