QR CodeQR Code

یمن جنگ کے خاتمے میں سب سے بڑی رکاوٹ امریکہ ہے، محمد علی الحوثی

6 Oct 2019 20:49

یمن کی اسلامی مزاحمتی تحریک انصاراللہ کی سپریم سیاسی کونسل کے رکن محمد علی الحوثی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ یمن پر مسلط کردہ جنگ تب ختم ہو گی جب امریکہ، اسرائیل، برطانیہ اور فرانس کیطرف سے جارح ملک (سعودی عرب) کو ملنے والی حمایت ختم کر دی جائیگی۔


اسلام ٹائمز۔ یمن کی اسلامی مزاحمتی تحریک انصاراللہ کی سپریم سیاسی کونسل کے رکن محمد علی الحوثی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ امریکہ نہ صرف یمن پر مسلط کردہ جنگ کے خاتمے میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے بلکہ یمن کیخلاف جارحیت کے مرتکب ہونیوالے ممالک میں ایک اہم فریق بھی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گو کہ اس وقت ہم دفاعی حالت میں ہیں لیکن پھر بھی مذاکرات کو سراہتے ہیں۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ یمن پر مسلط کردہ جنگ تب ختم ہو گی جب امریکہ، اسرائیل، برطانیہ اور فرانس کیطرف سے جارح ملک (سعودی عرب) کو ملنے والی حمایت ختم کر دی جائیگی۔ انکا کہنا تھا کہ کسی بھی ملک کا اقتصادی محاصرہ کرنا جنگی جرائم میں سے ہے جس نے (یمن میں) تاریخ کا بدترین انسانی بحران پیدا کر دیا ہے۔

انصاراللہ یمن کی سپریم سیاسی کونسل کے رکن محمد علی الحوثی نے جارح ملک سعودی عرب کی سرحدوں سے بہت اندر جا کر کئے جانیوالے انصاراللہ کے جوابی حملوں کو روکنے پر مبنی انصاراللہ کی پیشکش کیطرف اشارہ کرتے ہوئے کہا کہ اگر وہ انصاراللہ کی پیشکش کو قبول کر لیں تو یہ ہماری طرف سے پیش کئے گئے (اس جنگ کے) پرامن حل کیساتھ سازگار ہو گا لیکن اگر انہوں نے ہماری پیشکش قبول نہ کی تو ہم انکے سامنے اپنی گردن ہرگز نہیں جھکائیں گے بلکہ ان پر پہلے سے بھی زیادہ دردناک جوابی حملے کریں گے۔

دوسری طرف انصاراللہ یمن کی سیاسی کونسل کے رکن محمد البخیتی نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ میں سعودی عرب کو نصیحت کرتا ہوں کہ وہ جنگ میں پیش آنے والے نئے حالات پر تکیہ نہ کرے کیونکہ ہم سعودی عرب کیطرف سے یمن پر حملوں میں کمی کے عوض سعودی عرب پر اپنے جوابی حملوں کے مکمل خاتمے کو ہرگز قبول نہیں کریں گے۔


خبر کا کوڈ: 820387

خبر کا ایڈریس :
https://www.islamtimes.org/ur/news/820387/یمن-جنگ-کے-خاتمے-میں-سب-سے-بڑی-رکاوٹ-امریکہ-ہے-محمد-علی-الحوثی

اسلام ٹائمز
  https://www.islamtimes.org